ننکانہ صاحب(ویب ڈیسک)الیکشن کا موسم جیسے جیسے قریب آرہا ہے سیاسی ہلچل میں اضافہ ہو چکا ہے، جہاں عوام کا لہو گرمانے کے لیے سیاسی جماعتیں پنڈال سجا رہی ہیں وہیں کوئی سیاسی پارٹی رکنیت سازی مہم چلا رہی ہے۔حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) آج ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں سیاسی میدان سجارہی ہے، جس سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف، مریم نواز سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی آج راولپنڈی کے علاقے کوٹلی ستیاں میں پنڈال سجارہی ہے جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر مرکزی رہنما جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی آج کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ پارٹی کی گورننگ باڈی اجلاس کی صدارت اور پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے۔بعد ازاں عمران خان شہر کے مختلف علاقوں میں قائم پارٹی کے رکنیت سازی کیمپوں کا دورہ اور کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔ایم کیو ایم پاکستان کی آج یوم تاسیس کے موقع پر بھی دھڑے بندی ختم نہ ہو سکی، فاروق ستار کی سربراہی میں پی آئی بی گروپ لیاقت آباد پل جلسہ کرے گا جب کہ خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بہادر آباد گروپ نے نشتر پارک میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ دو دو جگہ یوم تاسیس منانا اچھا نہیں لگ رہا، ہوسکتا ہے آج کوئی بڑا اعلان کروں۔کوٹ ادو میں جمعیت علمائ اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔