تازہ تر ین

ن لیگ بارے لاہور کے ایڈیٹروں سے ملاقات کے بعد چودھری نثارنے حقائق واضح کر دیئے

لاہور (ویب ڈیسک) معلوم ہوا ہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اور ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ ترک کر دیا ہے۔ ان کے اس فیصلے سے پارٹی قیادت بھی آگاہ ہو گئی ہے انہوں نے کہا ہے کہ وہ مشکل وقت میں پارٹی کو نہیں چھوڑیں گے۔ لاہور کے دو سینئر ایڈیٹروں مجیب الرحمن شامی اور سلمان غنی نے گزشتہ روز چودھری نثار علی خان سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ تبدیل کر دیں۔ یہ دونوں سینئر ایڈیٹر ان سے لاقات کے لئے راولپنڈی گئے تھے جہاں انہوں نے چودھری نثار علی کو شہباز شریف کا پیغام پہنچانے کے علاوہ ان سے ٹیلی فون پر بات بھی کرائی۔ دونوں ایڈیٹروں کو ان اطلاعات کے بعد چودھری نثار کے ساتھ ملاقات کے لئے بھیجا گیا تھا کہ وہ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ اگرچہ پی ٹی آئی نے اس کی تردید کی ہے تاہم سیاسی مبصروں کے مطابق تہہ میں کوئی نہ کوئی بات ضرور تھی۔ دونوں ایڈیٹروں نے چودھری نثار کو پیغام پہنچایا جس میں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ اس مرحلے پر وہ پارٹی کو چھوڑ کر کسی دوسری جماعت میں شامل نہ ہوں اور پارٹی کے خلاف بیان بھی نہ دیں۔ انہوں نے چودھری نثار کی شہباز شریف سے فون پر بات بھی کرائی۔ دونوں نے مختصر بات چیت میں ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔ بعد میں دونوں ایڈیٹروں نے بتایا کہ چودھری نثار سے کھل کر باتیں ہوئی ہیں۔ وہ بڑا کھرا اور سچا آدمی ہے۔ بات چیت کے نتیجے میں ہمیں یقین ہے کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ مجیب الرحمن نے اپنے ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ ملاقات کے دوران سابق وزیر داخلہ نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق چلنے والی تمام افواہوں کی تردید کی ہے اور کہا کہ ان کا پارٹی چھوڑنے سے متعلق کوئی بھی ارادہ نہیں، انہوں نے کہاچوہدری نثار سے ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی ، یہ ان کے ساتھ انٹرویو نہیں بلکہ صرف ایک ملاقات تھی ، ملاقات میں چوہدری نثار نے پارٹی کے قیام کے حوالے سے آج ہمیں پوری تاریخ بتائی کہ کس طرح نوازشریف پارٹی کے صدر بنے ، چوہدری نثار پارٹی کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور وہ جو کچھ بھی کرنا چاہتے ہیں پارٹی میں رہ کر ہی کرنا چاہتے ہیں ۔مجیب الرحمان شامی کا کہناتھا کہ چوہدری نثار مسلم لیگ ن کو صرف نوازشریف کا ن نہیں سمجھتے بلکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے نام کا بھی ن اس میں شامل ہے ، وہ بانی اراکین میں سے ہیں اور وہ اتنی جلدی اپنی پارٹی سے منہ نہیں پھیریں گے۔ اس موقع پر سلمان غنی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار چکری کے رہنے والے ضرور ہیں لیکن ان میں چکر نہیں ہے، وہ کھل کر بات کرتے ہیں ، چوہدری نثار کا آج تک کسی دوسری سیاسی جماعت سے رابطہ نہیں ہوا ،وہ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں پارٹی کے اندر رہ کر ہی کرناچاہتے ہیں اور وہ کہیں بھی نہیں جا رہے ، ان کا پارٹی سے 40 سال پرانا تعلق ہے ۔ سلمان غنی کا کہناتھا کہ چوہدری نثار کے پاناما کیس اور جے آئی ٹی کے حوالے سے جتنے بھی خدشات تھے وہ سب درست ثابت ہوئے ، وہ بڑے راجپوت ہیں اور انہیں اپنی عزت اور انا بہت عزیز ہے اور وہ اس مشکل وقت میں اپنی پارٹی کو کبھی بھی نہیں چھوڑیں گے ۔ چودھری نثار نے تحریک انصاف سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں پارٹی کو چھوڑنا مردانگی نہیں، انہوں نے کہا ن لیگ کے اندر مشاورت سے مشکلات کا ازالہ ممکن ہے، انہوں نے کہا کوئی نہ کوئی مائنڈ سیٹ ہمارے اندر تباہی کے درپے ہے۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain