اسلام آباد(وقائع نگار)پیپلز پارٹی نے پنجاب کے ہر نشست پر امیدواروں کی تلاش شروع کر دی ہے جس میں انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پیپلزپارٹی کے ضلع کی سطح پر صدور اور سیکرٹری جنرل کو کہا گیا ہے کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے پہلے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر حصہ لینے والوں سے رابطہ کریں اور انھیں انتخاب میں حصہ لینے کے لئے آمادہ کریں مگر اس حوالے سے ارکان کی اکثریت نے پیپلز پارٹی کا ٹکٹ لینے سے انکار کر دیا بعض لوگوں نے یہ کہا کہ ان کی اب مالی حیثیت ایسی نہیں ہے کہ وہ اپنی دولت کو ضائع کر سکیں کیونکہ پنجاب سے پیپلز پارٹی کے نام پر آصف زرداری کی موجودگی میں ووٹ پڑنا اب ممکن نہیں رہا لہٰذا شکست کے لئے بھاری رقوم خرچ کرنا اور پارٹی ٹکٹ میں فنڈز دینا ان کی بساط میں نہیں ہے پیپلز پارٹی نے اپنے ضلعی صدور کو ہر حال میں ہر سیٹ پر امیدواروں کے نام بھیجنے کا کہا ہے جس پر بے نام اور غیر سیاسی لوگوں سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے کہ وہ انتخاب میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر حصہ لیں۔
