اسلام آباد: ہائی کورٹ (ویب ڈیسک)وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق درخواست پر پہلے سے محفوظ شدہ فیصلہ آج سنائے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں، غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص کیسے وزیرخارجہ کے اہم منصب پر فائز رہ سکتا ہے جب کہ خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف پہلے دبئی میں بینک میں ملازمت کرتے تھے، وہ دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔
