تازہ تر ین

اب ہر گھر سے جاسوس برآمد ہو گاغیر قانونی آلات ،ڈرونز کی فروخت دھرلے سے جاری

لاہور (نادر چوہدری سے )جاسوسی کے آلات کی سرعام فروخت کرنے والے عرصہ دراز سے حساس اداروں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شب روز کی محنت پر پانی پھیرنے میں مصروف ، جدید ترین جاسوسی کے آلات ملکی سلامتی کیلئے بہت بڑا خطرہ ہونے کے باوجود ان کو فروخت کرنے والوں کے خلاف نامعلوم وجوہات کی بناءپر کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ، حساس اداروں کی جانب سے حکام بالا کو رپورٹ بنا کر ارسال بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود ملک کے مختلف شہروں سمیت لاہور میں سرعام اور آن لائن فروخت جاری ،پولیس کی جانب سے بھی پراسرار خاموشی کئی سوالات کو جنم دینے لگی ۔ ذرائع کے مطابق دارالحکومت کی سب سے بڑے تجارتی مرکز شاہ عالم مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں اورمختلف ویب سائٹس پر آن لائن انتہائی چھوٹے جاسوسی کے آلات کی کھلے عام فروخت جاری ہے جس سے لاہور پولیس کی جانب سے لاعلمی کا اظہار اور بھی تعجب کا باعث ہے ۔ حساس اداروں کی جانب سے ایک رپورٹ مرتب کر کے حکام بالا کو ارسال کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ خان الیکٹرونکس اینڈ امریکن ٹولز سینٹر کے نام سے ایل او ایس چوک فیروز پور روڈ پر 20سال سے چائنہ ،پشاور اور افغانستان سے سامان منگوا کر فروخت کررہے ہیں ۔ ٹیلی کام سٹی کے نام سے رفیع پلازہ ہال روڈ، نظام ٹریڈرز مکہ سینٹرہال روڈ،المدینہ کیمرہ ہاﺅس چوہدری پلازہ فرسٹ فلورہال روڈ،عامر الیکٹرونکس بزنس سینٹر 36ہال روڈاور مدثر ٹریڈرز چوہدری پلازہ ہال روڈ ۔تقریباً 10سال سے محمد نعمان نامی شخص نعمان ٹریڈرز ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے نام سے لیاقت روڈ راولپنڈی پر جاسوسی کے آلات کی فروت کررہا ہے ، محمد فاروق نامی شخص ٹرانس ورلڈ شاپ نمبر 2جی ایم پلازہ صدر تھانہ کینٹ راولپنڈی ، اقراءانٹر پرائز ریاض پلازہ صدر تھانہ کینٹ راولپنڈی اور Vital Services AAyems صدر تھانہ کینٹ راولپنڈی 2007ءسے کاروبار کر رہا ہے ۔محمد عمر نامی شخص عمر ایکسپریس سٹریٹ کے نام سے راجہ چوک شاہین ٹاﺅن فیز 2تھانہ ایئر پورٹ راولپنڈی جو کہ پین کیمرہ ، بٹن کیمرہ OLX نامی ویب سائٹ کے ذریعے بھی آرڈر بک کرتا اور ڈیلوری دیتا ہے ۔محمد عنصر نامی شخص عنصر اینڈ سنز کے نام سے دکان نمبر 429-Aسبزی منڈی راجہ مارکیٹ بازار تھانہ سٹی راولپنڈی میں اُڑنے والے آلات فروخت کرتا ہے ۔پرائم سکیورٹی سسٹم سروس موڑ تھانہ سول لائنز گجرات ۔تھانہ کوتوالی گجرات کے علاقہ میں واقع ایک موبائل پلازہ میں ارشاد موبائلزجاسوس گھڑیاں لاہور سے خرید کر فروخت کررہے ہیں ۔تھانہ کوتوالی گجرات کے علاقہ میں یوسف شاہ روڈ پر سیل زون نامی دکان پر بھی جاسوس گھڑیاں لاہور سے خرید کر فروخت کررہے ہیں جبکہ تھانہ کوتوالی گجرات کے علاقہ میں شہید روڈ پر سنی موبائلز نامی دکان پر بھی جاسوس گھڑیاں لاہور سے خرید کر فروخت کی جارہی ہیں ۔ساجد خان نامی شخص لکی جنرل سٹور کے نام سے اٹک شہر میں سمارٹ واچ بمعہ فون اور کیمرہ لینڈ لائن ٹیپ ریکارڈر کنیکٹر وغیرہ ہر کسی خاص و عام کو فروخت کرتے ہیں ۔محمد رمضان نامی شخص پرانا لنڈہ بازار رحیم یار خان میں جاسوسی کے آلات فروخت کرتا ہے ۔جاسوسی کے ان آلات کی مدد سے باآسانی کسی کو بھی بلیک میل کیا جاسکتا ہے جبکہ ان آلات کی مدد سے وطن عزیز کے حساس مقامات کی بھی تفصیلات وغیرہ اکٹھی کی جاسکتی ہیں جن کا سد باب کر نے کیلئے پنجاب پولیس کسی صورت سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی ۔یادرہے اس حوالے سے گزشتہ سال کراچی کے علاقہ میں حساس اداروں کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کے دوران گرفتار ہونے والے لاہور کی انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسر اور انکی بھانجی سمیت دیگر ملزمان کو حراست میں لیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بتایا ہے کہ ان کا داعش ارکان سے مبینہ رابطے بھی تھے ۔ملزمان پر تقریبات کی کوریج میں استعمال ہونے والے چھوٹے ڈرونز سے ٹارگٹڈ بم حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ان دکانوں سمیت آن لائن فروخت ہونے والے جاسوسی کے آلات میں سے سب سے خطرناک انتہائی چھوٹے سائز کا ڈرون ہے جس کے ساتھ کیمرہ بھی نصب ہے اور یہ اس قدر چھوٹا ہے کہ اگر مٹھی میں رکھ کر مٹھی بند کرلی جائے تو باآسانی چھپایا جاسکتا ہے ۔ ان کیمروں میں سے چند تو ریکارڈنگ پر لگا کر اُڑا دیے جاتے ہیں اور واپس اُتار کر ان میں سے میموری کارڈ نکال کر اسے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ میں کاپی کر لیا جاتا ہے جبکہ متعدد وائی فائی کے ذریعے براہ راست آپریٹ کیئے جاتے ہیں اور اس کےلئے موبائل فونز پر مختلف ایپ ڈاﺅن لوڈ کر کے موبائل فونز پروہ تمام مناظر دیکھے جاسکتے ہیں جو کیمرا دکھا رہا ہوتا ہے۔ لائیور کوریج کے دوران موبائل پر دیکھے جانے والے کسی بھی منظر کو ریکارڈ کیا جاسکتا ہے یا اسکی تصویر لی جاسکتی ہے ۔یہ چھوٹے ترین کیمرے کسی بھی سرکاری ، نیم سرکاری یا حساس عمارت کے اُپر پرواز کر کے اندر کی تمام نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے والے تک پہنچاسکتا ہے جبکہ اس جاسوس ڈرون کیمرے سے کسی کے گھر ، دفتر ، دوران سفر مناسب دوری پررہتے ہوئے مکمل جاسوسی کی جاسکتی ہے جبکہ بغیر موقع پر جائے صرف جاسوس ڈرون کیمرا بھیج کر کسی بھی ٹارگٹ کی مانیٹرنگ اور شرپسند عناصر کو احکامات جاری کئے جاسکتے ہیں ۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain