نئی دلی(ویب ڈیسک)جہیز ایک لعنت ہے جس کی دنیا بھر میں مزمت کی جاتی ہے لیکن بھارت میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ وہاں انٹرنیٹ پر ایک ایسی ویب سائٹ متعارف کروا دی گئی ہے جو نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ جہیز لینے کے لئے ’مفید‘ مشورے دی رہی ہے۔ نتیجہ یہ ہوا ہے کہ پڑھے لکھے باشعور سوشل میڈیا صارفین نے اس ویب سائٹ کو بھی ایک لعنت قرار دے دیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس ویب سائٹ کا انکشاف سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ یونین منسٹر مانیکا گاندھی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر روی شنکر سے درخواست کی ہے کہ اس ویب سائٹ کو فوری طور پر بلاک کیا جائے۔ انہوں نے مذکورہ وزیر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اس ویب سائٹ کو فوری طور پر بلاک کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ مردوں کو جہیز لینے کی رغبت دلارہی ہے۔