لاہور (کرائم رپورٹر) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں عائشہ احد کو دھمکیاں دینے کے معاملہ پر سماعت، چیف جسٹس آف پاکستان نے آئی جی پنجاب کو حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ درج کر نے کا حکم،آئی جی پنجاب نے ٹائم مانگا جسے چیف جسٹس آف پاکستان نے مسترد کر دیا ، 7سال بعد رات گئے تک سی سی پی او آفس میں افسران سرجوڑے بیٹھے رہے ،بالآخر 12سے قبل تھانہ اسلام پورہ کا روزنامچہ منگوا کر سابق ایم این اے حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عائشہ احد سے متعلق کیس اور ان کو دھمکیاں دینے کے معاملہ پر سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران عائشہ احد، سابق وزیر خواجہ سلمان رفیق اور آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عائشہ احد نے عدالت میں موقف اپنایا کہ مجھے اور میری بیٹی کو سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے جان کو خطرہ ہے لہٰذا ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے ،اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کسی کی جان خطرے میں نہیں دیکھ سکتے، خواجہ سلمان رفیق بتائیں حمزہ شہباز کدھر ہیں، جس پر خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ میرے علم میں نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔خواجہ سلمان رفیق کا جواب سن کر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ آپ پورا دن حمزہ شہباز کے ساتھ گھومتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے پتہ نہیں ہے، حمزہ شہباز جہاں کہیں ہیں وہ عدالت میں پیش ہوں۔بعد ازاں عدالت نے حمزہ شہاز کو فوری طلب کیا تاہم اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز بیرون ملک ہیں اور 3 سے 4 روز میں پاکستان آجائیں گے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئی جی پنجاب عارف نواز کو حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔رات 9بجے دوبارہ کیس کی سماعت ہوئی تو آئی جی پنجاب نے عدالت کوبتایا کہ اس حوالے سے کاروائی کررہے ہیں تھوڑی مہلت دی جائے جس پر چیف آف پاکستان نے آئی جی پنجاب کو مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے رات 12 بجے تک مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ۔سابق ایم این اے حمزہ شہباز کے خلاف اندراج مقدمہ کے حوالے سے گزشتہ رات سی سی پی او آفس میں سی سی پی او لاہور کیپٹن ر امین وینس ، ایس پی لیگل اور ایس پی سٹی سمیت دیگر افسران سر جوڑ کر بیٹھے رہے تاہم 7سال بعد با لآخر تھانہ اسلامپورہ کا روز نامچہ سی سی پی او فس منگوا کر رات 12بجنے سے قبل ہی عائشہ احد کی مدعیت میں سابق ایم این اے اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ درج ہونے والی ایف آئی آر میں رانا مقبول ،ذوالفقار حمید اور انسپکٹر عتیق ڈوگر کو بھی نامزد کیا گیا ہے تاہم ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سیل کر دی گئی ہے۔
