اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنماءمحمد زبیر نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سزا سے عوام کے ان کے لئے نیک جذبات میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ عوام میں ان کے لئے پذیرائی بڑھی ہے کیونکہ عوام کو اصلیت کا پتہ ہے۔ چینل فائیو کے پروگرام نیوز ایٹ 7میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے اس کیس کا فیصلہ سنانے میں اتنی پھرتیاں کیوں دکھائی گئیں اتنی جلدی کیوں کی گئی۔ انصاف کے تقاضے سب کے لئے برابر ہونے چاہئیں۔ اب بھی شفاف الیکشن کرائے جائیں تو مسلم لیگ ن اکثریتی پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماءلطیف کھوسہ نے کہا کہ دوستیاں اپنی جگہ لیکن انور مجید بڑے بزنس مین ہیں۔ اگر اومنی کے اکاﺅنٹس سے بکرے آتے ہیں کیا بزنس مین جس سے دوستی ہوتی ہے تحائف کا تبادلہ نہیں کرتے یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں۔ زرداری پہلے گیارہ سال جیل میں رہے لیکن وہ باعزت بری ہوئے کیا اب کوئی ان کے گیارہ سال لوٹا سکتا ہے۔ مفروضوں پر کیسز بنانے سے کچھ نہیں ہوتا۔ مسلم لیگ ن اگر احتجاج کرتی ہے تو تحریک انصاف کے لئے مشکلات پیدا ہوں گی۔ سابق نیب پراسکیوٹر راجہ عامر عباس اگر سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا نواز شریف کی سزا معطلی کا فیصلہ معطل کر دیا تو پھر نہیں لگتا کہ نواز شریف کی ضمانت ہو گی لیکن اگر فیصلہ برقرار رکھا جاتا ہے تو سزا معطل ہو سکتی ہے۔تجزیہ کار رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا کہ اشرف غنی پاکستان کی تعریف کم ہی کرتے ہیں اس لئے شاہ محمود کے دورے پر پاکستان کی تعریف کرنا قابل ذکر ہے۔ افغان حکومت بہت ناراض ہے کہ ان کو امریکہ اور طالبان کے مذاکرات میں شامل نہیں کیا گیا۔