لاہور (اے این این) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ان کے تمام حربوں کا مقصد این آر او لینا ہے لیکن احتساب سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، لوٹ مار کرنے والے اب بچنے والے نہیں ہیں۔سابق صدر آصف علی زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ان سے صیح طریقے سے تقریر نہیں ہو سکی، زرداری کو پیغام چلا گیا،آپس کی بندر بانٹ کا دور گزر چکا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بڑھکیں مار رہے ہیں، کرپٹ اور بدیانت آدمی کبھی نہیں لڑ سکتا، پہلے اینٹ سے اینٹ بجانے کا بیان دیا، پھر منتیں کر کے واپس آئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی حکومت گرانے کی پہلے بڑھکیں ماری تھیں، ان کے تمام حربوں کا مقصد این آر او لینا ہے لیکن احتساب سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ لوٹ مار کرنے والے اب بچنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چالیس چوروں کے ٹولے نے باجماعت ملک کو لوٹا ہے جس کا ہم حساب لیں گے، معاملات ان کے ہاتھ سے نکل گئے، اسی وجہ سے چیخ رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دس سال میں یہ تھر کی حالت نہیں بدل سکے، ان کو جلسہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، جب ان سے حساب مانگا جائے تو آنکھیں دکھاتے ہیں، کچھ دنوں بعد یہ ہاتھ جوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ناتجربہ کار والی بات بالکل ٹھیک ہے، ہمیں بھتہ اور کمیشن لینے کا تجربہ نہیں ہے، ان کے ہاں تجربہ کار ان کو کہا جاتا ہے جنہیں ملک لوٹنا آتا ہو۔