ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر اکثر نت نئے فیشن سے بھرپور ملبوسات زیب تن کرنے پر پر تنقید کا نشانہ بنتی ہیں اور اس بار بھی انہیں عروسی لباس کی تشہیر کے باعث تنقید کا سامنا ہے۔حال ہی میں پاکستان کا پہلا ورچوئل فیشن شو اختتام پزیر ہوا جسے فیشن انڈسٹری نے فرنٹ لائن پر کورونا کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے خراج تحسین قرار دیا۔ورچوئل فیشن شو میں ماڈلز سمیت مختلف اداکاراؤں نے بھی حصہ لیا جس میں عائشہ عمر بھی شامل تھیں۔عائشہ عمر نے ورچوئل فیشن شو میں ڈیزائنر شہلا چتور کے عروسی ملبوسات کی تشہیر کرتے ہوئے ایک کامدانی لہنگا چولی زیب تن کیا جس پر انہوں نے نگینوں سے سجا ماسک بھی پہنا۔عروسی انداز میں ماسک پہنے چند تصاویر عائشہ عمر نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پو پوسٹ کیں جس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔اداکارہ کے کچھ چاہنے والوں نے تو خوب ہی تعریف کے پل باندھے جب کہ کچھ ان پر ایسا برسے کے سوشل میڈیا پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ نمبر ون ٹرینڈ کرنے لگا۔
ایک پبلک پیج کی جانب سے لکھا گیا کہ اس فیشن شو میں خراج تحسین کہاں ہے؟ کسی کو دکھائی دے تو بتائے۔
اسماء عزیز نامی مداح نے سوال کیا کہ اس ورچوئل فیشن شو سے کیسے فرنٹ لائن ورکرز کو فائدہ ہوگا؟ کیا آپ نے اسے مفت کیا ہے؟ کیا جو بھی فنڈز ملے ہیں وہ طبی عملے کو دیے جائیں گے؟
جب کہ اشفاق نامی مداح نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وبا آپ جیسوں کے باعث ہے، خدارا اب تو اسلامی تعلیمات کو اپنائیں۔۔۔ماسک کو بھی فیشن بنا لیا ہے۔
اسی طرح مرزا دانیال نامی صارف نے بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ماسک پہننے پر توبہ لکھا۔
جب کہ عثمان نامی مداح نے تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ کام صحیح ہے اسٹائل بھی ماسک بھی۔
ثمن نامی مداح نے تو اداکارہ کو اوور ایکٹنگ کوئن قرار دیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک لازمی قرار دیا ہے ایسے میں فیشن ڈیزائنرز اسے مختلف ملبوسات پر پہننے کے لیے میچنگ ماسک کے فیشن کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اس سے قبل اداکارہ عائزہ خان نے بھی انسٹاگرام پر سرخ رنگ کے لباس کے ساتھ میچنگ کا ماسک پہن کو فوٹو شوٹ کروایا تھا۔