تازہ تر ین

اداکار فرحان علی آغا نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی

پاکستان کے معروف اداکار فرحان علی آغا نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی۔

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اداکار فرحان علی آغا نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

فرحان علی آغا نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، ڈاکٹر عمران علی شاہ کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے پارٹی میں شامل ہونے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ میں باقاعدہ اعلان کرتا ہوں کہ ‘وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں، آج (28 دسمبر کو) میں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن گیا ہوں اور انشااللہ آخر تک ہر محاذ میں ایک دوسرے کے ساتھ ہوں گے’۔

فرحان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک پاکستان مشکل اور ترقی پسند حالات سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرا ملک، آپ سب کا ملک ہے، یہیں پر پیدا ہوئے شہرت، نام اور عزت سب یہیں سے ملی ہے۔

اداکار نے کہا کہ میں یہ سوچ کر پی ٹی آئی کا حصہ بننے کی بہت سخت ضرورت ہے کہ سچے اور ایماندار لوگ سامنے آئیں تاکہ وزیراعظم عمران خان کا وژن اور قائداعظم محمد علی جناح کا خواب پورا ہو، ایک ایسا ملک جہاں عام لوگوں کو انصاف ملے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد مسلح افواج میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور میں بچپن سے وطن کی محبت اور قربانیوں کے قصے، کہانیاں سنتے آیا ہوں۔

فرحان علی آغا نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کی باتیں سنتا ہوں اور اکثر انہیں یہ کہتے سنا ہے کہ کس طرح لوگوں نے مختلف طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے تو یہی وہ وقت ہے کہ اچھے لوگ، جن کے دلوں میں جذبہ ہے، پاکستان سے محبت ہے، ایماندار ہیں تو سامنے آئیں اور اپنا حق ادا کریں۔

—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے کہا کہ میں اکثر سماجی اور قومی فورمز کا حصہ بنتا ہوں تو میں نے سوچا کہ پی ٹی آئی میں آکر سیاست میں آکر پاکستان کے لیے کردار ادا کرسکتا ہوں۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اس سفر میں شروع سے عمران خان کو فالو کرتا آیا ہوں، وقت کے ساتھ مجھے ان کے وژن کا اندازہ ہوا اور نظر آیا کہ پاکستان کا مستقبل پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔

فرحان علی آغا نے کہا کہ سیاست میں نیا قدم ہے لیکن پاکستان اور پاکستان کے لوگوں سے محبت بہت پرانی ہے۔

اداکار فرحان علی آغا نے 1990 کی دہائی میں ڈراما انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کئی مشہور پاکستانی ڈراموں صدقے تمہارے، دیمک، یقین کا سفر، میرے قاتل میرے دلدار اور دیگر ڈراموں میں اداکاری کی۔

انہوں نے پاکستانی فلموں ‘مالک’، ‘پرواز ہے جنوں’ اور ‘جوانی پھر نہیں آنی’ میں بھی اداکاری کی تھی۔

علاوہ ازیں فرحان علی آغا نے 2016 میں کمانڈر سیف گارڈ کی اینیمیٹڈ سیریز میں ڈرٹو کی آواز کی وائس اوور بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ رواں برس نومبر میں فلم ساز، اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے پاکستانی سینما، فلم و ٹی وی انڈسٹری کو بچانے اور سہارا دینے کے لیے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain