پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں شہیدوں کو بھی احتجاج کرنا پڑتا ہے اور 2 ہزار لوگ شہید ہو چکے ہیں لیکن ایک شہید کو بھی انصاف نہیں ملا۔
کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ‘بہت دکھ اور افسوس کے ساتھ ایک بار پھر ہزارہ ٹاؤن میں آپ کے درمیان ہوں، ہزارہ بھائی بہنوں سے کیا کہہ سکتا ہوں، کیا بتا سکتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان ایسا ملک ہے، ایسی دھرتی ہے جہاں شہیدوں کو بھی احتجاج کرنا پڑتا ہے، ایسے پاکستان میں رہ رہے ہیں جہاں ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے لیکن عوام کا خون سستا ہے، 2 ہزار لوگ شہید ہو چکے ہیں لیکن ایک شہید کو بھی انصاف نہیں ملا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری حکومت چلی گئی، دوسری حکومت آگئی اور آپ پھر سے شہیدوں کے ساتھ احتجاج کر رہے ہیں، خان صاحب کی حکومت ہے اور پھر سے شہیدوں کے ساتھ احتجاج کر رہے ہیں، آئی ڈی کارڈ دیکھ دیکھ کر قتل عام ہوتا ہے’۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری خواہش تھی کہ ہم فوری طور پر آپ کے غم میں شریک ہوں، ہم عدالت میں پیشی کے فوری بعد دھرنے میں پہنچ گئے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘آئے دن ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں لیکن ملزمان پکڑے نہیں جاتے، اپنی جماعت، عوام اور اپنی طرف سے دکھ کا اظہار کرتا ہوں جبکہ دعا گو ہوں کہ اللہ شہدا کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے’۔