وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنر پنجاب چودھری سرور کے ہمراہ ہڑپہ اور چیچہ وطنی کا دورہ کرتے ہوئے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا، انہوں نے کہا ہر شہر کو اس کا حق لوٹائیں گے ،ساہیوال سے ہڑپہ پہنچنے پر ہڑپہ میں معززین علاقہ، منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداران و کارکنان سے خطاب کے دوران 2ارب کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا ایک ارب روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی،واٹر سپلائی اور سیوریج نظام کیلئے 50 کروڑ ،ریلوے پھاٹک پر اوورہیڈ برج/انڈرپاس کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے ہیں،پنجاب بھر میں 2 ہزار دیہات کو ماڈل ویلیج بنائیں گے ،ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کو جلد مکمل کرکے فنکشنل کیا جائے گا، ساہیوال میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جائے گا ،جس سے یہاں کے مریضوں کو لاہور نہیں جانا پڑے گا،سمندری انٹرچینج سے ساہیوال کیلئے ایکسپریس وے بنایا جائے گا،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے پہلے مرحلے میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن شامل ہیں،عمران خان جلد ساہیوال آکر افتتاح کریں گے ، ساہیوال میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا،پولیس میں 10 ہزار بھرتیاں کر رہے ہیں، پولیس کو 650 نئی گاڑیاں فراہم کی ہیں،اب پولیس عوامی توقعات کے مطابق ڈلیور کرے ، جو علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے ، انہیں آگے لے کر جا رہے ہیں، اپوزیشن سے ہمیں کوئی مسئلہ ہے نہ کوئی خطرہ،اپوزیشن کو ملکی مفادات کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا چاہیے ،کورونا سے صحت یابی کے بعد سب سے پہلے ساہیوال اور ہڑپہ آیا ہوں،ساتھ گورنر بھی آئے ہیں،ترقی کے سفر میں قدم بہ قدم چلتے رہیں گے ،پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت سے ساہیوال کیلئے 18 ارب روپے کا پیکیج رکھا گیا ہے ، ساہیوال اور ہڑپہ کے ہر حلقے میں ترقیاتی کام ہوں گے ،ترقی ہڑپہ سمیت ہر شہری کا حق ہے اور ہم پنجاب کے ہر شہر کو اس کا حق لوٹائیں گے ، گورنر سرور نے اپنے خطاب میں کہا اپوزیشن جو مرضی کرتی رہے ،ترقی کا سفر جاری رکھیں گے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ مل کر عوامی مسائل حل کریں گے ، تحریک انصاف کسی کو ترقی کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دے گی۔ قبل ازیں گورنر اور وزیراعلیٰ نے ہڑپہ میوزیم کا دورہ کیا ،جہاں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہڑپہ میوزیم میں 25 ہزار سے زائد تاریخی نوادرات اور دیگر اشیا موجود ہیں، 5 ہزار اشیاء نمائش کیلئے رکھی گئی ہیں،عثمان بزدار نے کہا ہڑپہ کے قیمتی اور تاریخی نوادرات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا،نمائش کیلئے نئی گیلری بنائی جائے گی،ہڑپہ عجائب گھر کے آڈیٹوریم کو سوا پانچ کروڑ روپے سے مکمل کیا جائے گا۔ ہڑپہ اور حلقہ این اے 148 میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب روپے لوکل گورنمنٹ فنڈ سے فراہم کئے جائیں گے ، گورنر سرور نے کہا تاریخی علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدام کیا جائے گا،عثمان بزدار چیچہ وطنی بھی گئے ،انہوں نے راستے میں لوگوں کودیکھ کر پرانی چیچہ وطنی ہڑپہ روڈ پر اپنی گاڑی اچانک روک لی اور گاڑی سے اترکرلوگوں کے پاس جاکر ان کے مسائل سنے ، شہریوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں،وزیراعلیٰ نے چیچہ وطنی پہنچ کر تحصیل ہسپتال کادورہ کیااور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے زیر علاج بچی کو 50 ہزار روپے اور اپنا موبائل نمبر دیا اور کہا آپ کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو، بلا جھجک مجھ سے رابطہ کریں،انہوں نے ساڑھے 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا ۔ تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے چیچہ وطنی کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہاچیچہ وطنی میں لوکل گورنمنٹ کی سکیموں کو 41 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کریں گے ، 15کروڑ روپے سے دیہی سڑکوں کی تعمیر و توسیع ہوگی، 10کروڑ روپے سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے پروگرام بھی مکمل کیے جائیں گے ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 11، سپورٹس کے 2 منصوبوں سمیت 17 ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے ، چیچہ وطنی میں تحصیل سپورٹس کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس پر 3 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئے گی، 90 موڑ تحصیل چیچہ وطنی میں چار ایکڑ سرکاری اراضی پر 2 کروڑ 20لاکھ روپے کی لاگت سے سپورٹس گراؤنڈبنایا جائے گا،چیچہ وطنی میں وائلڈ لائف پارک کا قیام عمل میں لائیں گے جس کیلئے 5 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، کوٹلہ ادیب شہید روڈ کی تکمیل ساڑھے 3 کروڑ روپے سے ہوگی، چیچہ وطنی کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے لئے 18 کروڑ 49 لاکھ روپے مختص کئے ہیں،پختہ سڑکوں کی تعمیرکے 10 منصوبے 18 کروڑ 84 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے بوائز و گرلز کالجز میں بی ایس کلاسوں کے اجرا کا اعلان کیا اور کہا کہ چیچہ وطنی میں یونیورسٹی کی تجویز کا جائزہ لیں گے ، وزیراعلیٰ نے 90 موڑ بائی پاس کیلئے سڑک تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا،انہوں نے کہا ساہیوال اور چیچہ وطنی کو موٹر وے سے منسلک کیا جائے گا، چیچہ وطنی کو موٹرے وے سے لیہ اور پھر انڈس ہائی وے سے تونسہ تک ملانے کا بھی پلان ہے ، ساہیوال کیلئے 18 ارب روپے کی لاگت کا ایک جامع ترقیاتی پلان لا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان جلد ساہیوال کا دورہ کریں گے اور بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے ، صوبے میں اڑھائی برس میں 13 سپیشل اکنامک زونز منظور کرائے ہیں۔7 سپیشل اکنامک زونز کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے ،رائے حسن نواز اور سید صمصام بخاری آپ کے اچھے وکیل ہیں اور یہ کیس ہارتے نہیں،آپ کے جائزہ مطالبات مان لئے ہیں،وزیراعلیٰ نے صحافیوں پر تشدد اور مقدمات کیخلاف پی ایم سی پنجاب کے چیئرمین مہر محمد عباس کی تحریری درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کرانے کا حکم دیا اور صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال کی قیادت میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی جو کہ ایک ہفتے میں رپورٹ دے گی۔





































