تازہ تر ین

صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا۔ مشترکہ اجلاس 17 نومبر بروز بدھ دوپہر 12 بجے منعقد ہو گا۔
حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق پوچھے گئے سوال کا صحافی کو زبردست جواب دیدیا۔
صحافی کی طرف سے عمران خان سے سوال پوچھا گیا کہ کل کے مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے حوالے سے آپ کیا کہیں گے؟
اس سوال کے جواب پر وزیراعظم نے کہا کہ جو سپورٹس مین ہوتا ہے وہ ہمیشہ جیت کے لیے میدان میں اترتا ہے۔
دوسری طرف حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں چھوٹی پارٹیوں کو مشترکہ اجلاس میں جانے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ حکومت کو اکثریت حاصل نہیں، اتحادی ساتھ دینے کو تیار نہیں، نا اہل حکمران اقتدار کو طول دینے کے لیے ناجائز طریقے اپنا رہے ہیں۔ حکومت جعلی پارلیمنٹ کو قانون سازی کے لیے تیار کر رہی ہے۔ مشترکہ اجلاس کو شکست کے خوف سے ملتوی کیا گیا ۔ لوگوں کو سیف ہاؤسز میں لےجایاگیا ہمیں رپورٹ ملی ہیں، حکومت کےپاس جبری اکثریت ہے۔ عدالت سےرجوع کیلئے قوانین کا جائزہ لیاجائےگا۔ 19 نومبر سے پہلے آخر جلدی کیوں ہے، یہ معاملے کو مشکوک بناتا ہے۔ سیاست میں ناجائز مداخلت ہو تو پھر شکایت ہمارا حق ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت نے 11 نومبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا تاہم حکومت کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے تحفظات پر اجلاس ملتوی کردیا گیا تھا۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم ، مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین نے ملاقات کی جس میں انتخابی اصلاحات، انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں کے ارکان کی ملاقات ہوئی ہے، جی ڈی اے، ایم کیو ایم، ق لیگ، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کی قیادت ملاقات میں موجود تھی۔ اتحادیوں کے اعتراضات تفصیل سے سنے اور انہیں دور کیا گیا۔ تمام اتحادیوں نے وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ہوا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو دن دو بجے طلب کیا جائے گا، الیکٹورل ریفارمز کے بل اجلاس میں پیش کئے جائیں گے، تمام اتحادی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain