All posts by Sultan Malik

عدالت کا شہباز اور حمزہ کیخلاف تفتیش مکمل نہ کرنے پر ایف آئی اے پر برہمی کا اظہار

لاہور کی مقامی عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) صدر شہباز شریف اور ان کے بیٹے و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش مکمل نہ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

لاہور کی بینکنگ جرائم کی عدالت میں منی لانڈرنگ مقدمے پر سماعت کے دوران شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی۔

جج نے نا مکمل تفتیش پر ایف آئی اے کے افسران پر برہمی کا اظہارکرتےہوئے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ ساری انویسٹی گیشن ٹیم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا جائے، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر صاحب نے عدالت میں بیان دیا تھا ، اتنا ریکارڈ ہے کہ ٹرک بھرا جا سکتا ہے۔

عدالت نےریمارکس دیے کہ 16ماہ ہو گئے، ابھی تک ایف آئی اے نے تفتیش مکمل نہیں کی، اس ادارے کا کوئی والی وارث ہے یا نہیں؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالتی دائرہ اختیار پر دلائل میں کہاکہ  اس عدالت کے پاس مخصوص کیسز سننے کا اختیار ہے۔

اس پر عدالت نے کہاکہ بینکرز کی حد تک تفتیش مکمل ہوتی تو دائرہ اختیار کا معاملہ حل ہو جاتا، 24 بینکرز کی تحقیقات مکمل ہونے تک دائرہ اختیار پر فیصلہ نہیں ہو سکتا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو 10دن میں ہر صورت میں تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 14جنوری تک توسیع کر دی۔

 عدالت نے فریقین کے وکلا کو عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق بحث بھی مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ کسے نہیں پتا کہ ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔

معاشرے میں قانون ہی سب سے بڑا ہتھیار ہونا چاہیے، چیف جسٹس پاکستان

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نےکہا ہےکہ معاشرے میں قانون کی عمل داری ہونی چاہیے  اور قانون ہی سب سے بڑا ہتھیار ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں لائرز کمپلیکس کی تعمیرکے آغاز پر اسلام آباد بار نے یوم تشکر کی تقریب کا اہتمام کیا۔

 چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے پرچم کشائی کے بعد بار سے خطاب میں کہا کہ اللہ کرے گا جلد سے جلد جوڈیشل کمپلیکس بن جائےگا، جوڈیشل کمپلیکس بننے سے وکلا کو اچھا ماحول اور کیس کی بہتر تیاری کا موقع ملےگا۔

 چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جج اور وکیل کا کام ایک ہی ہوتا ہے، وکیل کا کام مقدمےکی پیروی اور جج کا کام مقدمےکا فیصلہ کرنا ہوتا ہے، دونوں آئین اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بنیادی طور پر وکیل ہوں، صرف بینچ کی دوسری سائیڈ پر بیٹھ گیا ہوں، میری واپسی بھی آپ کے پاس ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے کچھ مسائل ہیں، ان کی کیا نوعیت ہے، اس کا علم نہیں تاہم کافی سارے معاملات تو نمٹ چکے ہیں اور اگر میں کوئی قدم اٹھانےکی پوزیشن میں ہوا تو ضرور کروں گا۔

جسٹس گلزار نےکہا کہ سپریم کورٹ کا کام ہےکہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے، لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہماری بنیادی کام ہے۔

کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کو برطانیہ کے حوالے کرنے کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کو پاکستان سے برطانیہ کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ملزم کی برطانیہ حوالگی کی سمری کابینہ کے سامنے پیش کی گئی جس کی منظوری دے دی گئی۔

علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین کی دو سال کیلئے تقرری کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان ادارہ شماریات میں 3 ممبران کی تقرری کی بھی منظوری دی جبکہ رواں مالی سال کے گزشتہ 6 ماہ میں اضافی اخراجات کی اسٹیٹمنٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی اور چینی وزارت ماحولیات کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دی گئی۔

ملائکہ اور اپنی عمر کے فرق پر ارجن کپور نے خاموشی توڑ دی

بالی وڈ اداکار ارجن کپور اور اداکارہ ملائکہ اروڑا  نے 2019 میں ہی اپنے تعلقات کی تصدیق کی تھی تاہم دونوں آج بھی صارفین کی جانب سے عمر کے بڑے فرق کی وجہ سے تنقید کا  سامنا کرتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملائکہ کی عمر 48 سال ہے جبکہ ارجن 36 سال کے ہیں، ان دونوں کی عمر کے فرق کو لے کر ماضی میں متعدد بار تنقید کا نشانہ بنایاجا چکا ہے لیکن اب ارجن کپور نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اس بارے میں بات کی ہے۔

ارجن کپور نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ پہلی بات یہ کہ ہم  میڈیا پر چلنے والے لوگوں کے 90 فیصد تبصرے تو دیکھتے ہی نہیں اس لیے اس تنقید کو اتنی اہمیت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ ہمیں معلوم ہیں کہ یہ سب جعلی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرا یہ کہ جو تنقید کرتے ہیں وہی لوگ جب مجھ سے ملیں گے تو میرے ساتھ سیلفی لینے کے لیے مر رہے ہوں گے، اس لیے میں میڈیا کے بیانیے پر یقین نہیں کرتا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارجن کا کہنا ہے کہ لوگ صرف ان کے کام کے بارے میں  بات کریں، میں اپنی ذاتی زندگی میں جو کچھ کرتا ہوں وہ میرا اختیار ہے۔

ارجن کپور کا مزید کہنا تھا کہ ہم اتنا پریشان نہیں ہو سکتے کہ کس کی عمر کتنی ہے، اس لیے ہمیں بس جینا چاہیے، میرے خیال میں عمر کو دیکھنا اور رشتے کو سیاق و سباق کے مطابق بنانا ایک احمقانہ سوچ کا عمل ہے۔

قومی کرکٹر خوشدل شاہ کی شادی،رضوان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی شرکت

قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز خوشدل شاہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں جارحانہ مڈل آرڈر بیٹر خوشدل شاہ کی شادی کی سادہ سی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان،فاسٹ باؤلروسیم جونیئر، ‏افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان و دیگر کئی فرسٹ کلاس کرکٹرز شریک ہوئے ۔
شادی کی تقریب میں دلہا خوشدل شاہ اور بیٹر محمد رضوان نے روایتی اور ثقافتی ‏انداز اپنایا جبکہ بنوں میں قومی کھلاڑیوں کا عوام نے والہانہ استقبال کیا اور سٹارز کے ساتھ یادگاری تصاویر بنوائیں۔
خوشدل شاہ کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئیں اور صارفین و مداحوں کی جانب سے خوشدل شاہ کو زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے پر مبارکباد پیش ‏کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

بھارتی موسیقار اےآر رحمان کی بیٹی خدیجہ رحمان کی منگنی

خدیجہ رحمان نے سوشل میڈیا پراپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے منگتیر ریاض الدین شیخ کی تصویر بھی شئیرکردی۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں خدیجہ کا کہنا تھا 29 دسمبرکوان کی سالگرہ کے دن منگنی کی تقریب ہوئی جس میں خاندان والوں اورقریبی دوستوں نے شرکت کی۔

خدیجہ رحمان نے بھی بتایا کہ ان کے منگیتر ریاض الدین شیخ آڈیو انجینئیر ہیں۔

اے آررحمان کی بیٹی خدیجہ کی نقاب میں پہلی عوامی پرفارمنس

یاد رہے کہ حجاب پہننے پربھارت میں سوشل میڈیا صارفین کے منفی پروپیگنڈا کا نشانہ بننے والی آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آررحمٰن کی بیٹی خدیجہ رحمان نے گزشتہ دنوں پہلی بارعوامی سطح پر اپنی باپردہ پرفارمنس سے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے تھے

سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں شدید بارش،سیلابی ریلے

سعودی میڈیا کے مطابق شمال بلقرن کمشنری میں شدید بارش کے بعد دیہی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق ایک شہری اپنی بیٹی کو اسکول سے لینےگیا تھا کہ سیلابی ریلے میں ڈوب گیا جب کہ اس کی بیٹی لاپتہ ہے، محکمہ شہری دفاع کے کارکنان باپ اور بیٹی کو تلاش کر رہے ہیں۔

سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ عسیر،جازان، تبوک، ریاض سمیت مشرقی ریجن میں آج بھی بارش کا امکان ہے، سعودی شہر الاحسا میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

اپوزیشن کے جعلی بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے: وزیراعظم کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے جعلی بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، حکومتی وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر اعتماد میں لیا، عمران خان اور شوکت ترین نے شرکاء کو فنانس بل پر بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ 2 ارب روپے کے ٹیکسز کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
ترجمانوں کو فنانس بل سے متعلق عوام میں ابہام کو دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فنانس بل کو عوامی سطح پر موثر طریقے سے نہیں بتایا جا سکا۔ ریفنڈ اور ربیٹ کے بارے میں عوامی کنفیوژن کو دور کیا جائے، عوامی سطح پر بتایا جائے ڈاکومینٹڈ اکانومی ملکی مفاد میں ہے، ایگریکلچر گروتھ اور ملکی ایکسپورٹس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ریزور 25 ارب ڈالرز تک پہنچ چکے ہیں جس پر بات نہیں ہو رہی، اپوزیشن کے جعلی بیانیہ کا ڈٹ کے مقابلہ کیا جائے، ہیلتھ کارڈز، ہوم فنانسنگ، احساس پروگرام کے فلاحی منصوبوں بارے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

بہاولپور میں مسافر کوچز آپس میں ٹکراگئیں، پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق

بہاولپور میں دو مسافر کوچز آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ خیرپورٹامیوالی میں  پیش آیا جہاں دو مسافر کوچز آپس میں ٹکرا گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں  پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے  جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق بہاول وکٹوریہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اے ایس ایف نے ابوظبی جانیوالے مسافر سےکروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد کرلی

ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران ابوظبی جانے والے مسافر سے 4 کلوگرام آئس برآمد کرلی۔ 

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر امین افضل لاہور سے ابوظبی کی پرواز میں سوار ہونے کیلئے پہنچا تھا کہ اے ایس ایف کے ڈیوٹی پر مامور عملے نے مسافر کے بیگ کی اسکینگ کے دوران مہارت کا مظاہرہ کیا اور بیگ کو مشکوک قرار دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں بیگ کی ہاتھ سے تلاشی کے دوران بیگ میں چھپائی گئی 4 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے سال نو کی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ترجمان کے مطابق پکڑی گئی ہیروئن کی مالیت تقریباً ساڑھے 4 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے بتائی جارہی ہے بعد ازاں منشیات اسمگلر کو برآمد شدہ ہیروئن سمیت مزید کارروائی کیلئے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔