تازہ تر ین

اپوزیشن ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے اپنے ذہن سے وسوسہ نکال دے، وزیر خارجہ

بدھ کو قومی اسمبلی میں راجہ پرویز اشرف اور  مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کی طرف سے نکتہ ہائے اعتراض پر جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی خودمختاری کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان آج جن اقتصادی مشکلات سے دوچار  ہے حسابات جاریہ ، تجارتی خسارہ اور ریونیو کے بیشتر حصے کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں جیسے معاملات پر سنجیدہ بات کرنے کی ضرورت ہے، ہم سب نے مل کر اسے ٹھیک کرنا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کلی معیشت کے اشاریے گزشتہ تین برسوں میں نہیں بگڑے یہ ایک طویل داستان ہے جن کا جائزہ لینا ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی خودمختاری کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہم ملک کی معاشی خودمختاری کا دفاع کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک فاضل ممبر نے پاکستان کے جوہری اثاثوں کے حوالے سے بات کی ہے، کم سے کم دفاعی صلاحیت پر  قومی اتفاق رائے تھا، ہے اور رہے گا۔ ہم کسی غفلت اور کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پاکستان کی پوری قوم اس حوالے سے متفق ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کورم کی بنیادی ذمہ داری حکومت کی ہے لیکن اپوزیشن کے ارکان سے دست بدست درخواست ہے کہ وہ ایوان کو فعال رکھنے کیلئے گھڑی گھڑی کورم کی نشاندہی نہ کریں تاکہ ہم ان کے خیالات سے بھی مستفید ہوں۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نکتہ اعتراض پر کہا تھا کہ ایوان کے اندر اور باہر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں کہ حکومت مَنی بل یا مِنی بجٹ لا رہی ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور گیس کی قلت نے لوگوں کے دکھوں میں پہلے سے اضافہ کیا ہے، ہمیں اس کی مزاحمت کرنی چاہیے۔

اس موقع پر ایوان کی کارروائی چلانے والے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ جب یہ بل ایوان میں آجائے گا تو اس پر بحث ہوگی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain