امریکا میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

امریکا میں ایندھن اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں 1982 کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہہنچ گئیں ہیں۔

امریکی محکمہ برائے افرادی قوت و شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس میں رواں سال اکتوبر تا نومبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 0.8 فیصد کا اضافہ ہوا،جس سے افراط زر کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں کنزیومر پرائس انڈیکس 6 اعشاریہ 8 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ ماہرین معیشت کے مطابق امریکی قوم نے 1982 میں اس طرح کی مہنگائی کا سامنا کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ افراط زر کے اعداد و شمار توقعات کے مطابق ہیں کیوں کہ یہ ڈیٹا کورونا کے اومی کرون ویریئنٹ کو ’ پریشان کن‘ قرار دینے سے پہلے جمع کیا گیا تھا، جس سے اس بات کے خدشات پیداہوگئے تھے کہ پہلے کی طرح اس بار بھی لاک ڈاؤن لگنے سے کاروبار متاثر ہوگا۔

امریکا میں معاشی معاملات پر نظر رکھنے والے ادارے کیپیٹل اکانومکس کے چیف ماہر معیشت پال ایشورتھ کا اس بارے میں کہنا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ خطرے کی بات تو یہ ہے کہ رواں سپلائی چین بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے خام مال کی قلت ہے اور ورکرز سست معاشی نمو کا نشانہ بن رہے ہیں۔ جب کہ بہت سے معاشی ماہرین کے تجزیے معاشی نمو میں مزید کمی کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آل ٹائم کنزیومر پرائس انڈیکس میں اضافے کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری  ہے جس کی وجہ سے پیٹرول، کرایوں، اشیائے خورد ونوش، نئی اور پرانی کاروں اور ٹرکوں  کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ رواں سال کھانے پینے کی اشیاء اور ایندھن جیسی بنیادوں چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے کم آمدن والے گھرانے زیادہ متاثر ہیں کیوں کہ ان کی آمدن کا زیادہ تر حصہ اسی میں خرچ ہورہا ہے۔

گزشتہ سال کی نسبت اس سام نومبر میں توانائی کی قیمتیں 33 اعشاریہ 3 فیصد جب کہ اشیائے خوردو نوش 6 اعشاریہ 1 فیصد  بڑھی ہیں، جو کہ گزشتہ 13 سال میں 12 ماہ میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔


2021 میں دنیا بھر کے لوگوں نے گوگل پر کیا سرچ کیا؟

2021 میں دنیا بھر کے لوگوں نے گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟ اس حوالے سے تازہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

گوگل نے سال 2021 میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچز کی رپورٹ جاری کی ہے، رواں برس سب سے زیادہ بھارت بمقابلہ آسٹریلیا کا میچ سرچ کیا گیا۔

اس کے علاوہ بھارت انگلینڈ مقابلہ، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)، این بی اے اور یورو 2021 بھی سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایونٹس میں شامل رہے۔

سب سے زیادہ گوگل کی جانے والی خبروں میں افغانستان، اے ایم سی اسٹاکس، کووِڈ ویکسین، ڈوج کوائن اور جی ایم ای اسٹاکس کی خبریں شامل ہیں۔

رواں سال جن اداکاروں کو سب سے زیادہ گوگل کیا گیا ان میں ایلک بالڈون سہرفہرست رہے، یاد رہے کہ ایلک بالڈون فلم کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار کو غلطی سے گولی مار بیٹھے تھے۔

ان کے علاوہ سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والوں میں پیٹ ڈیوڈسن، بھارتی فلم انڈسٹری کے سپراسٹار شاہ رخ خان کے صاحب زادے آرین خان جو کہ منشیات کیس میں زیر حراست رہے، جینا کاروانو اور ایم ہیمر شامل ہیں۔

رواں برس سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹس میں کرسچن ایریکسن، ٹائیگر ووڈز، سیماونے بائلز، ایما ریڈوکانو اور ہینری رگز شامل ہیں۔

آرمی چیف کا سیالکوٹ کے علاقے چونڈہ کا دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ کے علاقے چونڈہ کے قریب چنوکی کا دورہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ کے علاقے چونڈہ کے قریب چنوکی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گوجرانوالہ کور کی جنگی مشق کوٹری شیلڈ کا مشاہدہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے مقصد سے جاری مشقوں پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشق کا مقصد فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کو بڑھانا، دشمن کی طرف سے کسی بھی مہم جوئی کے جواب میں دفاعی اور جارحانہ کاموں کو شامل کرنا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دورے میں آرمی چیف نے فوجی دستوں کے تربیتی معیار اور پیشہ وارانہ اہلیت پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ سپہ سالار نے میدان میں حقیقت پسندانہ اور سخت تربیت پر زور دیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے  پاکستان  کے لیے 30 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری  دے دی ہے۔

اے ڈی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ  قرض کی منظوری  مالیاتی، تکنیکی اور گورننس اصلاحات  میں مدد  کے لیے دی گئی۔

اے ڈی بی حکام کا کہنا ہے کہ  قرض کی رقم توانائی کے شعبے کی بہتری اور استحکام پر خرچ ہوگی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل  ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے  60 کروڑ ڈالر زقرض کی منظوری دی تھی۔

اس کے علاوہ تعلیم سب کے  لیے فاؤنڈیشن کی طرف سے بھی اے ڈی بی کے ذریعے 24 ملین گرانٹ خرچ کی جائے گی۔

بنگلہ دیش : یونیورسٹی کے 20 طلباء کو پھانسی کی سزا

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی عدالت نے یونیورسٹی کے ایک طالب علم کے قتل میں ملوث20 طلبا کو سزائے موت سنا دی، سال 2019میں ہونے والے ابرار فہد قتل کیس کا فیصلہ ہوگیا۔

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے 2019 میں ابرار فہد کے قتل کیس میں 25 ملزمین کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے 20 طلبا کو سزائے موت سنائی ہے۔ 21 سالہ ابرار فہد کو 2019 میں بنگلہ دیش یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ساتھی طلباء نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا تھا۔

مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ڈھاکہ اسپیڈی ٹرائل ٹربیونل ون کے جج ابو ظفر محمد قمرالزمان نے 2019 میں بنگلہ دیش یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علم ابرار فہد کے قتل کیس میں 20 افراد کو سزائے موت اور پانچ دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی۔

ابرار فہد پر تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا کیونکہ اس نے فیس بک پر حکومت کے خلاف ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔ اس قتل کے بعد بنگلہ دیش کی مختلف یونیورسٹیز اور کالجز میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

Police escort one of the 20 convicted university students, after their sentence to death for the brutal 2019 murder of a young man who criticised the government on social media, out of a court in Dhaka on December 8, 2021. (Photo by AFP)

بنگلہ دیش یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم21 سالہ طالب علم ابرار فہد کو7 اکتوبر2019 کو 25 طلباء نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا تھا جن کا تعلق حکمران بنگلہ دیش عوامی لیگ پارٹی کی حمایت یافتہ طلبہ تنظیم سے ہے۔

بدھ کو سزا کا اعلان کرتے ہوئے ڈھاکہ اسپیڈی ٹرائل ٹربیونل ون کے جج ابو ظفر محمد قمرالزمان نے کہا کہ عدالت نے انہیں سب سے زیادہ اور سخت سزا دی ہے تاکہ ایسا دردناک واقعہ دوبارہ نہ ہوسکے۔

جج نے مزید کہا کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ اگر جرم کی سنگینی کا تقاضا ہے تو ہمیں انتہائی شدت کے ساتھ مکمل اور آخر تک انصاف کی تلوار کو استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

مقتول فہد کے والد برکت اللہ نے عدالت کے باہر صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس فیصلے سے خوش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں اپنے بیٹے کو واپس نہیں لا سکوں گا لیکن یہ فیصلہ کم از کم ہمارے خاندان کے لیے ایک طرح کی تسلی ہے، مجھے امید ہے کہ ان مجرموں کو ان کے کیے کی سزا جلد مل جائے گی۔

پولیس کے مطابق 25 مجرموں میں سے گیارہ اس وحشیانہ قتل میں براہ راست ملوث رہے جبکہ باقی کسی نہ کسی طریقے سے اس جرم میں ملوث رہے۔ گرفتار ملزمان میں سے 8 نے عدالت میں اقبال بیان بیان دیا ہے، دفاعی وکیلوں میں سے ایک فاروق احمد نے الجزیرہ کو بتایا کہ وہ سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔

لندن اور تہران کی طرح کراچی کا بلدیاتی نظام بھی خودمختار ہونا چاہیے، وزیراعظم

کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لندن اور تہران کی طرح کراچی کا بلدیاتی نظام بھی خودمختار ہونا چاہیے۔

کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی جدید شہر جدید ذرائع آمد ورفت کے بغیر مکمل نہیں، ماضی میں کسی نے کراچی کے ٹرانسپورٹ سسٹم پر توجہ نہیں دی۔

وزیر اعظم نے کہا ہر ملک میں ایک شہر ایسا ہوتا جو ملک کو چلاتا ہے، کراچی جب خوش حال ہوتا ہے تو پاکستان خوشحال ہوتا ہے، پاکستان کے لیے کراچی کو خوش ھال کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم پاکستان کو خوشحال کررہے ہیں، سب سے زیادہ ٹیکس کراچی سے ملتا ہے لیکن اسے کچھ نہیں ملا ، کراچی کو 60 سال سے دیکھ رہا ہوں ، اس روشنیوں کے شہر کو ہم نے کھنڈر بنتے دیکھا ہے کیونکہ کبھی بھی کراچی کے انتظامی نظام پر توجہ نہیں دی۔

شہر قائد کے حوالے سے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایران کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ عالمی طاقتوں کی جانب سے لگائی گئی پابندیاں ہیں، اس کے باوجود ایران کا دارالحکومت تہران ایک جدید ترین شہر ہے۔ یہ شہر سالانہ 50 کروڑ ڈالر اکٹھا کرتا ہے لیکن کراچی مشکل سے 2 کروڑ ڈالر بھی اکٹھا نہیں کرتا، صوبے میں بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ لندن اور تہران کی طرح کراچی کو بھی خود مختاری دی جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے سب سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے، اگلے ماہ ’کے 4‘ شروع کردیا جائے گا ، امید ہے کہ 2023 میں یہ منصوبہ مکمل ہوگا اور کراچی کو کینجھر جھیل سے اضافی پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام تحقیق ایک بات ہی کرتی ہے کہ ایک بیماری پورے گھر کو مقروض کردیتی ہے، اسی لئے میں نے فیصلہ کیا تھا کہ جب بھی اللہ نے موقع دیا میں صحت کے ایم جامع منصوبہ شروع کروں گا۔ خیبر پختونخوا کے تمام خاندانوں کو ہیلتھ انشورنمس مل چکی ہے، جس کے تحت ہر سال 10 لاکھ روپے تک کا خرچہ برداشت کیا جائے گا۔ مارچ2022تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس ہیلتھ انشورنس ہوگی، سندھ کے لوگوں کو بھی ہیلتھ انشورنس ہونی چاہیے، سندھ حکومت سے کہتا ہوں کہ ہیلتھ انشورنس میں حصہ ڈالیں۔

کوئٹہ: مجبور لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بناکر بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل

کوئٹہ میں مجبور لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز  بناکر انہیں بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے۔

ملزمان کی جانب سے مجبور لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز وائرل کر دی گئیں جبکہ معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور مرکزی ملزم سمیت دو افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے اور  دونوں ملزمان 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان بھائی ہیں، ملزمان کے لیپ ٹاپ اور دوسری ڈیوائسز سے برآمد ویڈیوز فارنزک کیلئے بجھوا دی گئی ہیں اور  ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ویڈیو اسکینڈل انتہائی افسوسناک ہے اور اس واقعے نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیاہے، ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ملزم کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچا ئیں گے۔

وزیراعظم نے گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کردیا

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کردیا۔

وزیراعظم عمران خان گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کے افتتاح کے لیے آج کراچی پہنچے، افتتاح کےموقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے گرین لائن اسٹیشن کا دورہ کیا اور بسوں کا معائنہ کیا جب کہ انہیں حکام نے پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان گرین لائن منصوبے کے ٹرائل آپریشنز کا افتتاح کریں گے اور 25 دسمبر سے منصوبے کو کمرشل بنیادوں پر چلایا جائے گا۔

دوسری جانب گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان سے ایک روز پہلے ہی گرین لائن منصوبے کا افتتاح کر دیا تھا۔

اس موقع پر پولیس اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اور اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو ہاتھ پر ڈنڈا لگنے سے چوٹ بھی لگ گئی تھی۔

 

شور کوٹ ایئر بیس کے قریب کارروائی، افسران کو ٹارگٹ کرنیکی کوشش ناکام

حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے شور کوٹ ایئر بیس کے قریب بھاری مقدار میں بارودی مواد اور گولیاں برآمد کر لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھنگ کی تحصیل شور کوٹ میں ایئر بیس کے قریب حساس ادارے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے افسران کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے، تھانہ اروتی کے علاقے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن داعش کے رکن محسن کی نشاندہی پر کیا گیا، دہشت گردوں نے بارودی مواد ایئر بیس اور افسران کو نشانہ بنانے کے لیے چھپایا تھا۔ حساس ادارے اور پولیس نے محسن کے دیگر ساتھیوں کے لیے شورکوٹ اور دیگر علاقوں میں کاروائیاں شروع کر دی۔

ترک پارلیمنٹ میں بجٹ سیشن کے دوران ارکان گتھم گتھا ہوگئے

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک پارلیمنٹ میں بجٹ سیشن کے دوران امور داخلہ،  صنعت اور ٹیکنالوجی کی وزارتوں کے بجٹ پر ارکان گتھم گتھا ہو گئے  اور ایک دوسرے پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کردی۔

ترک پارلیمنٹ میں بجٹ سیشن کے دوران ایک دن میں  دو بار ارکان گتھم گتھا ہوئے ۔ دونوں بار لڑائی کی بنیاد  وزیر داخلہ سلیمان حسن صویلو بنے ۔ پہلی بار لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب وزیر داخلہ نے ایک اپوزیشن رکن کو جھوٹا قرار دیا جبکہ دوسری بار لڑائی اس بات پر ہوئی کہ وزیر داخلہ نے اپوزیشن کے سوالوں کا جواب نہ دیا ۔

 وزیر داخلہ اپوزیشن کے احتجاج پر غصے سے چیختے چلاتے بھی نظر آئے۔ اپوزیشن لیڈر کی تقریر پر بھی وزیر داخلہ اور حکومتی ارکان غصے سے ان کی طرف لپکے اور انہیں مارنے کی کوشش کی ۔ دونوں بار کی لڑائی میں حکومتی رکن الپائی اوزلان آگے آگے تھے جو اس سے پہلے بھی پارلیمنٹ میں ہونے والے جھگڑوں میں سب سے آگے رہتے ہیں۔ لڑائی کے باوجود تینوں وزارتوں کے بجٹ منظور کر لیے گئے ۔