لاہور: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج کی بربریت جاری ہے، جنوری کے مہینے میں قابض فوج نے 22 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق کالے قانون کے تحت سال کے پہلے ماہ میں 45 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا اور پُرامن مظاہروں پر فائرنگ سے 17 افراد زخمی ہوئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قابض فوجیوں نے ان میں سے 4نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ قابض فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 7 گھروں کو بھی تباہ کیا۔ جبکہ ایک خاتون کو بھی اپنی درندگی کا شکار بنایا گیا۔
یاد رہے پاکستان میں 5 فروری 2022 کو یومِ یکجہتیِ کشمیر منایا جائے گا تو دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں اگست 2019 سے جاری غیر انسانی لاک ڈاؤن کو 915 دن ہو چکے ہوں گے۔