ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں ہونے والی کالی برفباری نے سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برفباری کا سن کر ہمارے ذہنوں میں ایک سفید برفیلا اور اجلا ہوا سا منظر آ جاتا ہے جہاں چاروں طرف موجود چیزیں سفید چادر اوڑھ لیتی ہیں تاہم ایک برفباری ایسی بھی ہے جس میں یہ منظر سفید نہیں بلکہ اس کی متضاد کالا دکھائی دیتا ہے۔
ہمیں برفباری کے ساتھ سفید لکھنے کی کبھی نوبت نہیں آتی اور اگر کسی بھی علاقے میں برفباری ہو تو ہم کہتے ہیں کہ فلاں علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے لیکن روس کا ایک ایسا شہر بھی ہے جہاں برفباری کے ساتھ لکھا بھی جاتا ہے کہ سفید تھی یا کالی۔
دنیا کے 2 خطے ایسے ہیں جہاں برفباری 2 متضاد رنگوں کی ہوتی ہے، ایک سفید اور دوسری کالی۔ روس کے خطے مگاڈن میں موجود متعدد علاقوں میں اس سال بھی موسمِ سرما میں سیاہ برفباری ہوئی۔
اسی طرح سائبیریا میں بھی عام برفباری کے ساتھ ساتھ کالے رنگ کی بھی برفباری ہوتی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں ایسا کیوں ہوتا ہے ؟ دراصل روس میں کوئلے سے چلنے والے پرانے واٹر ہیٹنگ پلانٹس ہیں جہاں نامیاتی مادوں کے نامکمل احتراق سے کاربن ذرات بڑی مقدار میں خارج ہوتے ہیں اور پھر آس پاس کے مقامات میں بالکل برفباری کی طرح گرتے ہیں۔ اور کالی برفباری کا منظر پیش کرتے ہیں۔