اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے ایف بی آر حکام کو61کھرب روپے کا نظرثانی شدہ ہدف حاصل کرنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیرخزانہ نے یہ ہدایت ان لینڈ ریونیو سروس ( IRS ) کے چیف کمشنروں کے ساتھ اجلاس میں کی جنھیں آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی روشنی میں ٹیکس وصولیوں کا انفرادی طور پر، نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا ہے۔
چیف کمشنر ایف بی آر کے فیلڈ دفاتر کے سربراہ ہوتے ہیں جن کی ذمے داری ٹیکس جمع کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ایف بی آر پچھلے2 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ماہانہ ہدف حاصل نہیں کرسکا۔
ان لینڈ ریونیو سروس کو پہلے 49کھرب روپے کا ہدف دیا گیا تھا جسے اب بڑھا کر 51کھرب روپے کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسٹم سروسز کا ہدف بھی 917 ارب روپے سے بڑھا کر 10کھرب روپے کردیا گیا ہے۔ تاہم کسٹمز کے افسران درآمدات میں کمی کی وجہ سے ٹیکس وصولی کا یہ ہدف قبول کرنے سے گریزاں ہیں۔