ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی ڈانس کوئین اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ برقع پہن کر گانا ایک دو تین دیکھنے تھیٹر گئی تھیں۔
مادھوری اپنی نئی سیریز کی تشہیر کیلئے کامیڈی شو میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں ۔اسی شو کے دوران مادھوری ڈکشٹ نے ماضی کا وقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی مجھے بتا رہا تھا کہ میرا گانا ایک، دو، تین بہت مقبول ہورہا ہے اور اسے تھیٹر میں بڑی سکرین پر دیکھنے میں زیادہ مزہ ہے تو میں نے فیصلہ کیا کہ میں بھی تھیٹر جا کر اسے دیکھوں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ میں تھیٹر کی سکرین پر گانا ایک، دو، تین کے آنے کا انتظار کر رہی تھی اور جیسے ہی گانا شروع ہوا، ہم اگلی صفوں پر بیٹھے تھے اور ہمارے پیچھے سے ، لوگ سکرین کی طرف سِکے پھینک رہے تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی جانب سے پھینکے گئے سِکے میرے سر پر آکر گِرے ۔