راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ میں 10سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کرنے کے الزم میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق خیابان جناح کے رہائشی یوسف شاہ نے 23 فروری کو تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ 10سالہ بیٹا حمزہ گھر سے چیز لینے گیا لیکن واپس نہیں آیا، تلاشی پر بھی کچھ پتہ نہ چلا تو پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔
واقعہ کے چار دن بعد علاقے میں زیر تعمیر مکان کے پانی کے ٹینک سے بچے کی لاش ملی جس پر سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید غضنفر شاہ خود موقع پر پہنچے اور فرانزک شواہد اکھٹے کروا کر بعدازاں تفتیش کی خود نگرانی کرتے رہے۔
تفتیش میں انکشافات کے بعد ارسلان قمر نامی 30 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی سید غضنفر شاہ کا کہنا تھا کہ ملزم ارسلان قمر بچے کا محلے دار ہے، بچے کو پتنگیں اڑانے کا شوق تھا، ارسلان نے مقتول حمزہ کو پتنگیں دینے کے بہانے زیر تعمیر مکان میں لے جاکر زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا اور لاش کو زیر زمین پانی کے ٹینک میں چھپا دیا تھا جس کو انکشافات کی روشنی میں ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید غضنفر علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، معصوم بچوں کی زندگی سے کھیلنے والا درندہ صفت کوئی بھی ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔
سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے سنگین مقدمہ کو ٹریس کرنے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔