لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ترین گروپ کے ارکان کی ملاقات ہوئی، فیصل حیات جبوانہ اور مہر اسلم بھروانہ نے بزدار سرکار پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ترین گروپ کے ارکان اور بزدار سرکار میں برف پگلنے لگی، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب فیصل حیات جبوانہ ترین گروپ اور بزدار سرکار کے درمیان معاملات طے کروانے میں متحرک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے متحرک رکن فیصل حیات جبوانہ دو دنوں میں تین بار وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کر چکے ہیں، ترین گروپ کے ارکان کی 2 گھنٹے طویل نشست عثمان بزدار سے ایوان وزیر اعلیٰ میں ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات پیدا کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی، سازشی عناصر کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کو عبرتناک شکست ہو گی، اپوزیشن صرف اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے فیصل جبوانہ کی پیر کے روز دوبارہ ملاقات طے ہے۔