سان ڈیاگو: (ویب ڈیسک) ماہرین نے ایک دلچسپ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ اپنی دفتری ای میلز اور زُوم پروفائلز وغیرہ میں ایموجیز کا استعمال کرتے ہیں انہیں ’خالص تحریر‘ استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں کم حیثیت اور کمزور سمجھا جاتا ہے۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو کی پامیلا اسمتھ اور تل ابیب یونیورسٹی اسرائیل میں ان کے ساتھیوں نے کی ہے جس میں سیکڑوں امریکی رضاکاروں کو مختلف نفسیاتی تجربات میں شریک کیا گیا تھا۔
پامیلا اسمتھ کے بقول، ’’آج ہم باہمی رابطوں میں تصویریں استعمال کرنے کے عادی ہوچکے ہیں اور سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز نے ہمارا کام نہ صرف آسان بلکہ دلچسپ بھی بنا دیا ہے۔ البتہ، ہماری تحقیق سے ایک خطرہ بھی سامنے آیا ہے: بعض حالات میں، بالخصوص ملازمت اور کاروبار کے ماحول میں، یہ طرزِ عمل نقصان دہ ہوسکتا ہے کیونکہ یہ ہمارے کمزور ہونے کا اشارہ ہوتا ہے۔‘‘
اس سادہ لیکن دلچسپ تحقیق سے سامنے آنے والا مشورہ بہت آسان ہے: اگر آپ ملازمت یا کاروباری ماحول میں اپنا سنجیدہ اور طاقتور تاثر برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو خط کتاب یا کسی بھی قسم کی پیشہ ورانہ مراسلت (پروفیشنل کمیونی کیشن) میں ایموجیز استعمال کرنے سے پہلے دو مرتبہ ضرور سوچیے۔
البتہ، ایموجیز کا استعمال اپنے دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں سے نجی رابطوں میں کیا جائے تو اس میں کوئی برائی نہیں۔
نوٹ: اس تحقیق کی تفصیل ’’آرگنائزیشنل بیہیویئر اینڈ ہیومن ڈسیژن پروسیسز‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہے۔
