تازہ تر ین

کراچی میں ماہ رمضان سے قبل منافع خور سرگرم، عوام مہنگائی سے شدید پریشان

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ماہ رمضان سے قبل منافع خور سرگرم ہو گئے، عوام روز افزوں بڑھتی مہنگائی سے شدید پریشان ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ نے منافع خوروں کو جیل بھیجنے اور دکانیں سیل کرنے کے احکامات دے دئیے۔
رمضان ابھی آیا نہیں اور منافع خوروں نے آستینیں چڑھا لیں۔ کراچی میں انتظامیہ کی جانب سے اشیائے خورونوش کی سرکاری قیمتوں پرعملدرآمد کرانے کا دعوی کیا گیا۔ اٹھارہ مارچ کو پولٹری اور میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے طویل مشاورت کے بعد فی کلو مرغی کے گوشت کی قیمت 365 روپے اور بکرے کے گوشت کی قیمت 1220روپے مقرر کی گئی لیکن سرکاری قیمت کے برعکس فی کلو چکن ساڑھے چار سو روپے اور فی کلو بکرے کا گوشت 1600سے سترہ سو روپے تک بیچا جارہا ہے، پرائس لسٹ کی عدم دستیابی اور انتظامیہ کی ناکامی کا خمیازہ عوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔
گرانفروشی کی بڑھتی شکایات پر چیف سیکرٹری سندھ اور کمشنر کراچی کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ ٹھنڈے کمروں سے باہر نکلنے پر مجبور تو ہوگئی مگر روایتی نمائشی اقدامات سے عوام کو کوئی ریلیف نہ مل سکا۔
اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ کی واٹرپمپ مارکیٹ میں کارروائی پر شہری غم و غصے اظہار کرتے رہے، مہنگے داموں اشیاء کی فروخت پر اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں شہری اور دکاندار آپس میں الجھتے رہے۔
شہر میں فی لیٹر دودھ سرکاری قیمت 120روپے کے برعکس 150روپے میں دھڑلے سے بیچا جارہا ہے، سبزی و فروٹ منڈی اور ہول سیل مارکیٹوں سے لے کر خوردہ سطح پر پھل ، سبزی ، آٹا ، دالیں ، چاول اور دیگر اجناس بھی من مانی قیمت پر مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں۔
چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے منافع خوروں کو چھ ماہ کیلئے جیل بھیجنے ، دکانیں سیل کرنے اور بھاری جرمانہ عائد کرنے کے احکامات پر عملرآمد تو شروع کردیا گیا ہے مگر ان اقدامات کے باوجود بھی عوام ریلیف سے محروم نظر آتے ہیں۔ ماہ رمضان میں گرانفروشی مزید بڑھنے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain