لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 3 سے 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل 99 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 95 ڈالر فی بیرل سطح پر آگئی ہے۔
مختلف ممالک کے اپنے سٹریٹیجک ذخائر میں سے خام تیل اور اس کی مصنوعات استعمال کرنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) کے رکن ممالک اگلے چھ ماہ میں چھ کروڑ بیرل تیل جاری کریں گے جبکہ امریکہ نے مارچ میں 18 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس اقدام کا مقصد یوکرین جنگ کے بعد روس پرعائد کی جانے والی پابندیوں کی وجہ سے روسی خام تیل کی سپلائی میں پیدا ہونے والی کمی سے نمٹنا ہے۔
دوسری جانب چین میں ایک بار پھر کورونا پھیلاو کے بعد بڑے مینیوفیکچرنگ مراکز شین یانگ اور شنگھائی میں لاک ڈاون نافذ ہے ۔ جس کے باعث تیل کی طلب میں کمی بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔