کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بجٹ کے بعد پہلی مرتبہ غیر یقینی صورتحال کے باعث 1134.80 پوائنٹس کی بڑی مندی ریکارڈ کی گئی، اور 100 انڈیکس 40879.93 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.7 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔ جبکہ 6 کرورڑ 27 لاکھ 10 ہزار 521 شیئرز کا لین دین ہوا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کے دوران سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو اوسط 12 فیصد خسارہ ہوا ، انڈیکس دو ماہ کے دوران 5 ہزار 528 پوائنٹس گنوا بیٹھا۔
سٹاک ماہرین نے سٹاک مارکیٹ میں مندی کے رجحان کو وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیان سے منسلک کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) ناخوش ہے اور آئندہ بجٹ میں انکم ٹیکس پر ریلیف ختم کریں گے، آئی ایم ایف زیادہ ریونیو کا مطالبہ ختم کرنے کو تیار نہیں ہے۔
