پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نےغریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ دودھ ، دہی، گھی ،دالوں اور چاول سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں، اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھنے سے شہریوں کی پریشانی میں بھی اضافہ ہو گیا۔
پشاورمیں اشیائے خورونوش کے نرخوں میں مزید اضافے نے شہریوں کے ہوش اڑا دیئے، دودھ کی فی کلو قیمت میں 20 روپے اضافے کے بعد 160 روپے، دہی 140 سے بڑھ کر170 روپے فی کلو گرام فروخت ہونے لگا۔
پشاور کی اوپن مارکیٹ میں گھی سمیت دیگر اشیائےخورونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے شہریوں کا جینا محال کردیا، گھی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی کلو گھی 530 سے بڑھ کر 560 روپے کا ہوگیا ہے، دال چنا کی فی کلو قیمت 190 سے بڑھ کر 220 روپے، دال ماش 280 سے بڑھ کر 320، چنا 350 سے بڑھ کر 380 ،چاول 220 سے بڑھ کر240 روپے فی کلوتک پہنچ گئے ہیں، شہری کہتے ہیں کہ مزدوری وہیں کی وہیں ہے لیکن مہنگائی آئے روز بڑھ رہی ہے۔
پشاورمیں پھل بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئے ، کیلا 150 روپے درجن ، آم کی قیمت فی کلو 170، خوبانی 240، آڑو 230، ایرانی سیب کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنڑول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ غریب عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے۔