اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، مفاہمت اور قومی نصب العین میں ایک دوسرے کی حمایت کے تناظر میں بے مثال ہیں۔
انہوں نے یہ بات ترکی کے نئے سفیر Mehmet Pacaci سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کے روزاسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے امیدظاہر کی کہ ترکیہ کے سفیر کی تعیناتی کے دور میں خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہو گا۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعے پر ترکی کی غیرمتزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ترکی کے اہم مفادات کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ وہ اعلیٰ سطح کی تذویراتی تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردوان کا خیرمقدم کرنے کے خواہاں ہیں جو اس سال ستمبر میں اسلام آباد میں ہو رہی ہے۔





































