اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چودھری پرویز الہی اور شاہ محمود قریشی کے ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزارت اعلیٰ پنجاب کے لیے جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر ہے۔ پنجاب میں سیاسی ملاقاتوں اوررابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نےاسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی سے ملاقات کی۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عوامی مینڈنٹ کو نقب لگانے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضمنی انتخاب میں عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا۔پنجاب اسمبلی کاایوان بھی وزیراعلی کے لئے عمران خان پر اعتماد کرے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے۔وفاق اورپنجاب حکومت کے انتظامی ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں۔مختصر عرصے میں شہبازشریف کے زیرسایہ حمزہ شہباز نے جو کچھ کیا تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھاجائے گا۔
ملاقات میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انشا اللہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویزالہی وزیراعلی ہوں گے ۔پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی ،مسلم لیگ ق اکثریت حاصل کرچکی ہے۔
انہوں نے کہاہے کہ ضمنی انتخاب میں عوام نے منحرف ارکان کو نشان عبرت بنادیا۔عمران خان کے بیانیہ کی قوم نے مکمل پذیرائی کی.
ملاقات میں مونس الہیٰ، حسین الہیٰ، راجہ بشارت اور زین قریشی بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے الیکشن ڈے کی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔ حکومت کے انتظامی ہتھکنڈوں کا بھی جائزہ لیاگیا۔