کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے صوبے میں بارشوں کی صورتحال کے تناظرمیں ہائی الرٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ تمام محکمے اور انتظامیہ معمول کی مصروفیات معطل کر کے بارشوں سے پیدا صورتحال کی بہتری اور متاثرین کو ریلیف دینے پر توجہ دیں۔
دوسری جانب وزیراعلی سیکرٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں اپنی تمام سرکاری مصروفیات اور اجلاس منسوخ کر دیے ہیں اور وہ کل صبح ضلع لسبیلہ پہنچ کر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی اور مختلف حادثات میں اموات 105 ہوگئیں۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں سےسیلابی صورت حال کے بعدکئی رابطہ سڑکیں اور پل متاثر ہونے سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوکر رہ گئی۔