سجاول: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ سندھ میں سجاول کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
دورے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کو امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے سجاول میں سیلابی صورتحال کا فضائی جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقات بھی کی۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ بلوچستان کے بعد سندھ میں بھی امدادی رقوم کی تقسیم شروع ہوگئی ہے اور سیلاب سے تباہ حال افراد کو 25 ہزار روپے فی خاندان پہنچائيں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے 38 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے، سیلابی ریلے نے بجلی کا نظام درہم برہم کیا ہے، اس کی درستی کیلئے وزیر توانائی سے رابطے میں رہوں گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وفاق نے سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے 15 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے۔