لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری کا کہنا ہےکہ پنجاب اسمبلی کو بچانے کی جہدوجہد جاری رکھیں گے، جمہوری استحکام اور پارلیمان کی بالادستی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔
لاہور میں آصف زرداری کی زیرصدارت بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا جس میں پنجاب کی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے آصف زرداری کی قیادت پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس میں آصف زرداری نے پارلیمانی پارٹی کو وزیراعظم اور چوہدری شجاعت سے ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آنے والا وقت انارکی اور انتشار کی سیاست کرنے والی قوتوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، پیپلزپارٹی آئین کی بالادستی، پارلیمان کی بقا اورغریب کی فتح تک جہدوجہد جاری رکھےگی، سیاسی نظام کی بقا کے بھٹو کے مشن کو پورا کریں گے۔
پارلیمانی لیڈر حسن مرتضٰی کا کہنا تھا کہ جمہوری قوتیں آصف زرداری کی طرف دیکھ رہی ہیں، آصف زرداری ممکنات کی سیاست کے ماہر ہیں۔