واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ہوائی میں مسافر طیارے کے ہچکولوں کے باعث 30 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فینکس سے ہونولولو جانے والا مسافر طیارہ موسمی خرابی کے باعث ٹربولینس کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 36 کے قریب مسافر زخمی ہوگئے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارے میں کل 278 مسافر اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے جبکہ زخمی ہونے والوں میں 3 عملے کے ارکان بھی شامل تھے۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ ٹربولینس کے باعث 11 مسافر شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، دوسری جانب امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے اس سے قبل جولائی میں بھی ایک امریکی طیارے کو ٹربولینس کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔
