نیودہلی : (ویب ڈیسک) بھارت چین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے رواں برس دنیا کی سب سے بڑی آبادی والا ملک بن جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ آبادی بڑھنے کے ساتھ بھارت کو معیشت اور بیروزگاری کے مسائل بھی درپیش ہونگے ، ماہرین کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ بھارت اس وقت ایک ٹائم بم پر بیٹھا ہوا ہے، اگر ملازمتوں کے مواقع پیدا نہ کیے گئے تو بھارت میں سماجی بدامنی پیدا ہوگی ۔
چین میں سال 2022 میں 60 برس بعد پہلی بار آبادی میں کمی رپورٹ ہوئی ہے ، چین کی آبادی میں کمی کے بعد بھارت کی آبادی آئندہ آنیوالےچند ماہ میں دنیا میں سب سے زیادہ بڑھ جانے کا امکان ہے ۔
امریکی میڈیاکا کہنا ہے کہ ایک ارب چالیس کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ چین اور بھارت کو اقتصادی مضمرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس حوالے سے تجزیہ کار کہتے ہیں کہ بھارت بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا نہیں کر رہا، اگر بھارتی پالیسی سازوں نے روزگار کے ذرائع نہ بڑھائے تو رواں دہائی میں بھارت کی متوقع ایک ارب سے زیادہ لیبر فورس بھارت کی ترقی کے بجائے بھارت کے لیے بوجھ بن کر رہ جائے گی ۔