تازہ تر ین

آئی ایم ایف معاہدے کے بعد مہنگائی مزید ہو گی، غریب پسیں گے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد مہنگائی مزید ہو گی جس میں صرف غریب پسیں گے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ منی بجٹ کے بعد مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھےگا، جب سے ہماری حکومت ہٹائی گئی تب سے کہہ رہا ہوں الیکشن کرائے جائیں، الیکشن کےعلاوہ کوئی حل نہیں ہے، میں نے کہا تھا اس حکومت سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا، میں نے کہا تھا چوروں کا پلندہ ملک نہیں سنبھال سکے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ ہونا ہی تھا، پاکستان تیزی کے ساتھ دلدل میں پھنستا جا رہا ہے، پاکستان کا ڈیفالٹ رسک آج سری لنکا کی سٹیج پر پہنچ گیا ہے، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ملک ٹھیک نہیں ہو گا کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد مزید مہنگائی ہو گی، تنخواہ دار طبقے کا برا حال ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم والے 4 روپے پٹرول کی قیمت بڑھنے پر مہنگائی مارچ کرتے تھے، کانپیں ٹانگنے والا، مولانا فضل الرحمان نے مہنگائی مارچ کیے، مریم نواز کا مہنگائی مارچ کہیں راستے میں رہ گیا تھا، ہمارے دور میں آٹا 60 اور آج 135 روپے کلو ہو گیا، گھی 335 روپے سے آج 700 روپے کلو ہو گیا ہے، آج دالیں 250 سے 400 روپے کلو تک ہو گئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں چار فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، یوریا ہمارے دور میں 1650 اور آج 3 ہزار تک پہنچ گیا، ہمارے دور میں سریا کی قیمت 2 لاکھ ٹن آج 3 لاکھ پانچ ہزار تک پہنچ گئی، سریا کی قیمت بڑھنے سے شوکت خانم ہسپتال کی لاگت بھی بڑھے گی، سیمنٹ، سریا کی قیمتیں بڑھنے سے گھروں کی لاگت میں اضافہ ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور قلت آگئی ہے، ادویات کی قلت سے ہسپتال متاثر ہو رہے ہیں، منی بجٹ کے بعد بجلی، گیس کے بلوں میں اضافہ ہو گا، سیلز ٹیکس بڑھانے سے ہر چیز مہنگی ہو گی، یوریا کیلئے گیس کی قیمت 70 فیصد بڑھا دی گئی ہے، بجلی پر بھی سبسڈی ختم کر دی گئی ہے، منی بجٹ کے بعد مزید مہنگائی بڑھے گی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آج ملک میں مہنگائی 70 سال کی تاریخ سے زیادہ ہے، ہمارے دور میں مہنگائی 12 اور آج 30 فیصد تک ہے، غریب مہنگائی میں پسیں گے، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، فیصل آباد میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ایک طرف مہنگائی، دوسری طرف بے روزگاری ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ اس حکومت نے این آراو لینے کیلئے اپنا وقت گزارا، 1100 ارب کے کرپشن کیسز معاف کرائے گئے، موجودہ حکومت میں کرنسی کی 90 روپے قدر نیچے گری ہے، قوم کی دولت میں کمی، منی لانڈرنگ کرنے والوں کی دولت میں اضافہ ہوا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain