لاہور : (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اگر ‘ضمانت پارک’ میں صرف ایک خاتون موجود ہے تو پولیس پر اندر سےگولیاں اور پیٹرول بم کون برسا رہا ہے؟۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں مریم نواز نے مزید لکھا کہ یہ لوگ جھوٹ بولنے سے پہلے سوچتے بھی نہیں؟
مریم نواز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر سے ایک پیٹرول بم اہلکاروں کی جانب پھینکا جارہا ہے ۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کہا تھا نا کہ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کے لیے شرپسند اور تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب پتہ چلا کے جب سے اس دہشت گرد کو زبردستی سیاست میں گھسیڑا گیا، تب سے ملک فتنہ اور انتشار کا شکار کیوں ہے؟ لانے والے بھی اپنے بدترین انجام کو پہنچے، اس کی سیاست بھی رسوائی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب لڑھک رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی، قربانیاں دیں، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کہنا یا عمران خان کو سیاسی لیڈرکہنا کئی دہائیوں پر پھیلی سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہوگی۔
