نوابشاہ: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپنی زندگی میں بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیر اعظم دیکھنا چاہتا ہوں۔
بلدیاتی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ بلاول وزیر اعظم بنے، ملک بچانے کیلئے ہم نے عمران خان کو نکالا، پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کی اتحادی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے، شہید بے نظیر آباد میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو گیا، طوفانی بارشوں میں ہم نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی، میں نے آپ کیلئے بہت کچھ کیا، آپ میرے والد کے بعد میرے ساتھ رہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا ہے کہ اب آپ نے بلاول اور آصفہ زرداری کا بھی ساتھ دینا ہے، میرا دل کرتا ہے میں آپ سب سے ملوں، باری باری سب کے گھر نہیں جا سکتا اس لیے آپ کو بلوایا، آپس میں اتحاد اور اتفاق قائم رکھیں، آنے والی نسل کیلئے کام کریں اور محنت کریں۔