ایف آئی اے سائبر کرائمز سرکل راولپنڈی نے آن لائن جنسی ہراسانی اور بلیک میلنگ میں ملوث چار رکنی منظم گروہ گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے کم سن بچیوں کو ہراساں اور بلیک میلنگ میں ملوث منظم گروہ کے اراکین حماد کیانی، طلال مصطفیٰ، محمد نعمان اور حافظ محمد حسنین کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے راولپنڈی میں چھاپے مار کر گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے موبائل فون ضبط کر لیے گئے۔ ملزمان واٹس ایپ اور اسنیپ چیٹ کے ذریعے متاثرہ بچی کو بلیک میل کرنے میں ملوث پائے گئے جبکہ ضبط شدہ موبائل فونز سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور متاثرہ کا قابل اعتراض مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزمان متاثرہ بچی اور اس کے گھر والوں کو بلیک میل کرنے میں بھی ملوث پائے گئے اور گزشتہ کئی ماہ سے متاثرہ بچی کو بلیک میل کر رہے تھے، بلیک میلنگ کے ذریعے متاثرہ بچی کے گھر والوں سے 23 لاکھ روپے اور 6 تولہ سونا بھی ہتھیا لیا گیا۔
ملزمان بلیک میلنگ سے حاصل کردہ رقوم کی وصول کرنے کے لیے گاڑی کا استعمال کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے وسیع پیمانے پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔