راولپنڈی صدر واہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکیوں کو اغواء کرنے والے تین اغواء کاروں کو 24 گھنٹے میں گرفتار کرکے تین مغوی بحفاظت بازیاب کروا لیے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اجمل، بلال اور عبداللہ کے نام سے ہوئی۔
مغویوں میں افغان فیملی کی ایک خاتون اور ان کے دو نوجوان بیٹے شامل ہیں، ملزمان نے افغانستان سے آئی فیملی کو یورپی ملک کا ویزا دلوانے کے بہانے بلا کر اغواء کیا۔
واقعے کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے مغویوں کی فوری بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جس پر ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے ایس پی پوٹھوہار کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لیے متعدد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے مدد لی گئی، ہیومن انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل ذرائع سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
قلیل ترین وقت میں مغویوں کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار، ایس ڈی پی او ٹیکسلا اور ایس ایچ او صدر واہ سمیت ٹیم کو شاباش دی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔