پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے سپرد کردی گئی۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 11 اپریل (جمعہ) کو پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب شام 7 بجے شروع ہوگی، جس میں معروف گلوکار اپنی فارمنس کا جادو جگائیں گے۔
افتتاحی میچ بھی اسی روز دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو رات 8:30 شروع ہوگا۔
ٹورنامنٹ 4 مقامات پر کھیلا جائے گا جن میں کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم، لاہور کا قذافی اسٹیڈیم، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم شامل ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں معروف صوفی میوزک آرٹسٹ عابدہ پروین کی پرفارمنس کے ساتھ ینگ اسٹارز کی پرفارمنس پیش کی جائے گی۔
اسکے علاوہ پی ایس ایل انتھم کیلئے علی ظفر، ابرار الحق، نتاشا بیگ اور طلحہ انجم بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، تقریب کے دوران شائقین کو شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔