تازہ تر ین

ایشیز: اسٹارک کی تباہ کن بولنگ، انگلینڈ 172 رنز پر ڈھیر

PERTH, AUSTRALIA:

ایشیز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کے باعث انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پرتھ میں کھیلے جارہے میچ میں بین اسٹوکس کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے نے ماہرین کرکٹ کو بھی حیران کردیا۔

پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ کی غیر موجودگی میں مچل اسٹارک نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے اکیلے ہی انگلش بیٹنگ لائن کو اکھاڑ پھینکا۔

انگلش ٹیم ابتداء سے ہی مشکل میں رہی اور پہلے اوور کی آخری گیند پر ہی پہلی وکٹ گنوادی۔ زیک کرولی بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کا شکار بنے۔ یہ اسٹارک کی انگلینڈ کے خلاف 100ویں وکٹ تھی۔

مچل اسٹارک نے میچ کے ساتویں اوور میں 33 کے مجموعی اسکور پر بین ڈکٹ (21)کو اور نویں اوور میں 39 رنز پر جو روٹ (صفر) کو چلتا کیا۔

اولی پوپ اور ہیری بروک نے کچھ مزاحمت دکھائی تاہم لنچ سے قبل ہی 94 کے مجموعی اسکور پر اولی پوپ 46 رنز بناکر کیمرون گرین کا شکار بن گئے۔

انگلینڈ نے کھانے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے تھے۔ کھانے کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو مجموعی اسکور میں صرف 10 رنز کے اضافے کے بعد ہی کپتان بین اسٹوکس 6 رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

تھوڑی مزاحمت دکھانے والے ہیری بروک بھی 52 رنز بناکر چلتے بنے۔

جیمی اسمتھ 33، برائیڈن کارس 6، گس ایٹکنسن ایک اور مارک ووڈ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

مچل اسٹارک نے 58 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیوٹنٹ برینڈن ڈوگٹ نے 2 اور کیمرون گرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain