ایپل کی جانب سے رواں سال سستا ترین نیا آئی فون بہت جلد متعارف کرایا جا رہا ہے۔
پہلے کہا جا رہا تھا کہ آئی فون 17 ای کو موسم بہار میں پیش کیا جائے گا مگر اب ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اسے فروری میں ہی متعارف کرا دیا جائے گا۔
میک ویلٹ کی رپورٹ میں ذرئع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ ایپل کی جانب سے 19 فروری کو آئی فون 17 ای کو متعارف کرایا جائے گا۔
یہ اس لیے حیران کن نہیں کیونکہ ایپل نے آئی فون 16 ای کو بھی 19 فروری 2025 کو پیش کیا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آئی فون 17 ای میں میگ سیف سپورٹ فراہم کی جائے گی جس سے صارفین کو 25 واٹ وائرلیس چارجنگ اسپیڈ ملے گی، یہ فیچر آئی فون 16 ای میں موجود نہیں تھا۔
ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ آئی فون 17 ای کا ڈیزائن گزشتہ سال کے آئی فون 16 ای جیسا ہوگا۔
اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نئے آئی فون میں فرنٹ کیمرے کے لیے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن نہیں دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق فون کے اندر اے 19 چپ موجود ہوگی جبکہ سیکنڈ جنریشن ایپل سی 1 ایکس موڈیم اور این 1 وائرلیس نیٹ ورک چپ ڈیوائس کا حصہ ہوگی۔
فون کے دیگر فیچرز آئی فون 16 ای سے ملتے جلتے ہوں گے۔
آئی فون 17 ای کی قیمت 599 ڈالرز سے شروع ہونے کا امکان ہے۔



































