- لاہور: پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے نواز شریف کینسر کیئر ہسپتال کے بعد لاہور میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق 1500 سے زائد کنال اراضی پر پنجاب کا پہلا میڈیکل ڈسٹرکٹ بنانے کے لیے ابتدائی پی سی ون اور تھری ڈی ڈیزائن مکمل کر لیا گیا ہے، منصوبے کے تحت 22.87 کنال رقبے پر ہیلی پیڈ جبکہ 32.38 کنال پر گیس سٹیشن تعمیر کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل ڈسٹرکٹ میں پہلی مرتبہ بایو ڈائیورسٹی پارک بھی شامل کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کے لیے جدید گرین سپیس کا تصور متعارف کرایا جائے گا، مکسڈ یوز کمرشل ون کے لیے 28.89 کنال جبکہ مکسڈ یوز کمرشل ٹو کے لیے 28.69 کنال رقبہ مختص کیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت سِوک ایونیو مختلف ہسپتالوں کو آپس میں منسلک کرے گا جبکہ 250 فٹ چوڑی سن سیٹ ایونیو بھی ڈیزائن کا حصہ ہے، پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے 53.99 کنال رقبہ کراس واکس کے لیے مختص کیا گیا ہے، جہاں پیڈسٹرین برجز اور کنال وسٹا تعمیر کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ لاہور رنگ روڈ سے منسلک ہوگا جس سے مریضوں اور مسافروں کو براہ راست رسائی فراہم کی جائے گی۔
نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سب سے پہلے انسٹیٹیوٹ آف اوپتھالمولوجی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے 17 ارب 80 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، منصوبے کا آغاز رواں مالی سال میں متوقع ہے۔






































