کراچی: سندھ حکومت نے ائیر پورٹ پک اینڈ ڈراپ پر 2 افراد سے زائد کے آنے پر پابندی عائد کردی۔
صوبائی وزیرِ داخلہ کی زیرِ صدارت سکیورٹی تھریٹس سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور دیگر متعلقہ افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہاکہ ماضی کے واقعات اور حادثات کے پیشِ نظر ہمیں سخت فیصلے کرنے ہوں گے، جائے حادثہ پر کوئیک رسپانس کے لیے جامع ایس او پیز بنائے جائیں، ائیر پورٹ پر زیادہ رش کی وجہ سے سکیورٹی کو فول پروف بنانا ہوگا، ائیر پورٹ پک اینڈ ڈراپ پر ایک سے دو افراد کی اجازت ہوگی۔
ضیالنجار کا کہنا تھا کہ پولیس کو قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے روابط کو مضبوط بنانا ہوگا، سندھ کی تمام جیلوں میں تلاش ایپ ڈیوائس کی دستیابی یقینی بنائی جائے، صوبائی سطح پر داخلی و خارجی پوائنٹس پر لیڈی سرچر کا ہونا لازمی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اہم اور حساس تنصیبات کا سکیورٹی آڈٹ کیا جائے، اسلحے کی نمائش کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے اور نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر اس کی روح کے مطابق عمل یقینی بنایا جائے۔






































