گھوٹکی میں سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے رونتی کچے میں پولیس اور رینجرز کا نجات مہران آپریشن مشترکہ طور پر جاری ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران کے مطابق پولیس اور رینجرز کے مشترکہ نجات مہران آپریشن اور دباؤ کے باعث شر گینگ کے مزید 7 اشتہاری ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے۔
ایس ایس پی گھوٹکی نے بتایا کہ اشتہاری ملزمان قتل، قبائلی تصادم، ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھے، سرینڈر کرنے والے ڈاکوؤں میں اصغر شر، عبدالطيف شر، مور شر، بڈو شر، نالی چگو شر، شاھ بخش عرف شبن شر، ممتاز شر شامل ہیں۔
انور کھیتران کا کہنا ہے کہ 40 روز سے جاری آپریشن کے دوران 75 سے زائد اشتہاری ڈاکوؤں نے گرفتاری پیش کی ہے جن میں انعام یافتہ ڈاکو بھی شامل ہیں۔
ادھر خیرپور کے کچے کے جنگلات میں نجات مہران آپریشن کے باعث 50 لاکھ روپے کے انعام یافتہ ڈاکو علی احمد عرف احمدو ناریجو نے سرینڈر کردیا، احمدو ناریجو 60 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔






































