تازہ تر ین

سی ایس ایس امتحان لاہور سینٹر میں طلبہ کو شرکت سے روکنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:

سی ایس ایس امتحانات (لاہور سینٹر) میں طلبہ کو شرکت سے روکنے کے خلاف کیس میں دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جسٹس محمد آصف نے  کیس کی سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل منیر احمد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ لاہور سینٹر میں سیکڑوں طلبہ کو امتحان سے محروم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، یہ نہیں ہوتا کہ ریاست پریس ریلیز میں کہے کہ ان کے خلاف ایکشن لیں گے۔

دوران سماعت کمرہ عدالت میں موجود وکیل ریاست علی آزاد سے دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ جسٹس محمد آصف نے ریمارکس دیے کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، کیوں ریاست صاحب آپ بتا دیں، جس پر وکیل ریاست علی آزاد روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ میں تو کہتا ہوں ریاست باپ جیسی ہوتی ہے، جس جواب پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل بھی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ طلبہ کو پہلے بتایا گیا تھا کہ وہ 50 منٹ پہلے آئیں، وہ نہیں آئے تو یہ ان کی غلطی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا براہ راست ہائیکورٹ آنا درست فورم نہیں تھا، اس سے پہلے 2 فورمز بھی موجود ہیں۔

جسٹس محمد آصف نے ریمارکس دیے کہ اگر یہ دیگر فورم پر جا کر پھر عدالت آتے تو ان کا وقت ضائع ہو جاتا۔ انہوں نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سارے بچے ہیں، ان کو ریلیف دیں، آپ کو دل بڑا کرنا چاہیے۔ عدالت نے مزید کہا کہ سرکار و ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، طلبہ کا خیال رکھنا چاہیے ۔ بچوں کو تعلیم اور سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔

وکیل منیر احمد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ لاہور سینٹر میں 4 ہزار طلبہ نے شرکت کرنا تھی جب کہ 17 ہزار مجموعی طور پر طلبہ شریک ہوئے، یعنی لاہور کے علاوہ باقی 13 ہزار لوگ امتحان میں شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی پریس ریلیز میں لکھا گیا تھا کہ امتحان سے 50 منٹ پہلے پہنچیں، مگر 50 منٹ پہلے ہی گیٹ بند کر دیا گیا جس سے طلبہ کا لائف ٹائم چانس مس ہو گیا۔

جسٹس محمد آصف نے استفسار کیا کہ کیا پیپر شروع ہونے سے قبل گیٹ بند کیے جا سکتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے وکیل درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ پرانی ججمنٹس جمع کروائیں تاکہ عدالت انہیں دیکھ سکے، جس کے بعد عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain