تازہ تر ین

امریکا کی اپنے سفارتی عملے کو فوری اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت

اسرائیل میں تعینات امریکی سفارت خانے کے عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر وہ ملک چھوڑنا چاہتے ہیں تو آج ہی روانہ ہو جائیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہدایت اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہیکبی نے اپنے عملے کو ایک ای میل کے ذریعے دی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی سفیر نے سفارت خانے کے عملے کو ای میل بھیجی جس میں کہا گیا کہ جو ملازمین یا ان کے اہل خانہ اسرائیل سے نکلنا چاہتے ہیں وہ آج ہی روانہ ہونے کا بندوبست کریں۔

ای میل میں کہا گیا کہ سفارت خانے کی جانب سے غیر ضروری سرکاری عملے اور ان کے اہل خانہ کو رضاکارانہ طور پر اسرائیل چھوڑنے کی اجازت دی گئی ہے اس لیے ممکن ہے کہ آج فلائٹس میں نشستیں کم پڑ جائیں۔

عملے کو یہ ہدایت بھی دی گئی کہ وہ بن گوریون ایئرپورٹ سے کسی بھی دستیاب پرواز پر جگہ حاصل کرنے کی کوشش کریں تاکہ پہلے مرحلے میں ہی ملک سے باہر نکل سکیں۔ 

سفیر نے ای میل میں یہ بھی لکھا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں تاہم جو لوگ جانا چاہتے ہیں انہیں بہتر ہے کہ جلد از جلد روانگی کا منصوبہ بنائیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سفارتی عملے کو فوری روانگی کی ہدایت اس بات کا اشارہ ہو سکتی ہے کہ خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ موجود ہے۔

یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے بھی ایک سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی خدشات کے باعث اسرائیل میں تعینات غیر ہنگامی امریکی عملے اور ان کے اہل خانہ کو ملک چھوڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر امریکا یا اسرائیل کی جانب سے کوئی فوجی کارروائی ہوتی ہے تو ایران یا اس کے اتحادی جوابی حملے کرسکتے ہیں۔ 

رپورٹس کے مطابق اسی پس منظر میں امریکا کی جانب سے خطے میں فوجی تیاریوں اور سفارتی عملے کی حفاظت سے متعلق اقدامات بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain