- دبئی/ ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے وفاقی ادارہ برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی معطلی سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے ویزا اوور اسٹے جرمانے معاف کر دیئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ ان مسافروں اور رہائشیوں کیلئے کیا گیا ہے جو موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث مقررہ تاریخ پر ملک چھوڑنے کے قابل نہیں رہے۔
ادارے کے بیان کے مطابق اس سہولت کا اطلاق ان تمام افراد پر ہوگا جن کے پاس وزٹ ویزا، سیاحتی ویزا یا ایگزٹ پرمٹ تھا اور جنہیں پروازوں کی منسوخی یا ری شیڈولنگ کے باعث روانگی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، اس میں وہ رہائشی بھی شامل ہو سکتے ہیں جنہوں نے اپنی رہائشی اجازت نامہ منسوخ کروا کر ملک چھوڑنے کی تیاری کر رکھی تھی مگر فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث سفر ممکن نہ ہو سکا۔
حکام کے مطابق یہ اقدام موجودہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ایسے افراد کو قانونی مشکلات اور مالی بوجھ سے بچایا جا سکے جو اپنی مرضی کے بغیر ملک میں رکنے پر مجبور ہوگئے، خطے میں جاری کشیدگی کے باعث متعدد ممالک کی فضائی حدود بند یا محدود ہوگئیں جس سے عالمی فضائی ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور ہزاروں مسافر مختلف شہروں میں پھنس گئے۔
وفاقی ادارے نے متاثرہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور طریقہ کار کیلئے سرکاری اداروں اور متعلقہ حکومتی پلیٹ فارمز سے رابطے میں رہیں، حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزید سہولتوں یا ہدایات کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔




































