اسلام آباد:
این ڈی ایم اے نے بالائی علاقوں میں 14 سے 16 مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواوٴں کی پیش گوئی کردی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواوٴں کا سلسلہ ہفتہ کی شام کو ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے، اس موسمی نظام کے باعث بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، کاشت کاروں کو بھی موجودہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔





































